پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ طلبہ کے لیے 500 امریکی وظائف

image

امریکی حکومت نے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کی یونیورسٹیوں کے طلبہ کے لیے 500 وظائف کا اعلان کیا ہے۔

عرب نیوز کے مطابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے منگل کو خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ان وظائف کا اعلان اس لیے کیا گیا ہے تاکہ ڈگریاں مکمل کرنے میں طلبہ کی مدد کی جا سکے۔

گذشتہ موسم گرما میں تباہ کُن سیلاب کے نتیجے میں 1700 سے زائد پاکستانی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے جبکہ تین کروڑ 30 لاکھ سے زائد متاثر ہوئے اور تقریباً 30 ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہوا تھا۔

سیلاب کی وجہ سے جنوبی ایشیائی ملک کا ایک تہائی حصہ ڈوب گیا تھا اور تعلیمی اداروں سمیت اہم انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔

اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے مطابق پاکستان کے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ اشتراک میں امریکہ نے اپنے ’میرٹ اور ضرورت‘ پر مبنی سکالرشپ پروگرام کے ذریعے پاکستانی طلبہ کو چھ ہزار سے زیادہ وظائف دیے جن میں سے 60 فیصد (وظائف) طالبات کو دیے گئے۔

امریکی سفیر نے خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے منگل کو ایچ ای سی میں خواتین سکالرز کی کامیابیوں کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں پاکستانی طلباء کے لیے مزید وظائف کا اعلان کیا۔

ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ ’خواتین کا عالمی دن صنفی مساوات کو تیز کرنے اور صنفی دقیانوسی تصورات کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کا مطالبہ کرتا ہے۔‘

تقریب میں پاکستان کے وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک، یو ایس ایڈ کے مشن ڈائریکٹر ریڈ ایشلمین، یونیورسٹی کے وائس چانسلرز اور طلبہ نے شرکت کی۔

احسن اقبال نے کہا کہ ’پاکستان تباہ کن سیلاب سے دوچار ہوا جہاں لاکھوں لوگ اپنے گھر اور روزگار سے محروم ہو گئے۔ ہم سیلاب سے متاثرہ طلبہ کے لیے امریکی امداد کا خیرمقدم کرتے ہیں۔‘

ایچ ای سی کے چیئرمین نے پاکستان میں سٹریٹجک شعبوں خصوصاً اعلیٰ تعلیم کے لیے امریکی حکومت کی حمایت کو سراہا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.