اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ گزشتہ مالی سال پاکستان میں بیروزگاری کی شرح 6 اعشاریہ 2 فیصد تھی جب کہ رواں سال یہ شرح 7 فیصد تک ہوگی۔
یہ بات آئی ایم ایف نے جاری کردہ ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ میں کہی ہے جس کے تحت رواں سال جی ڈی پی گروتھ صفر اعشاریہ 5 فیصد رہنے کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔
جاری کردہ رپورٹ کے تحت مہنگائی ہدف سے زیادہ اور گروتھ کم رہے گی، مہنگائی کی شرح 27 اعشاریہ1 فیصد اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کا 2 اعشاریہ 3 فیصد تک ہوگا۔
عالمی مالیاتی ادارے نے اپنی رپورٹ میں آئندہ مالی سال معاشی صورتحال میں بہتری کی پیشن گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال جی ڈی پی گروتھ 3 اعشاریہ 5 فیصد اور مہنگائی کم ہو کر 21 اعشاریہ 9 فیصد ہو گی۔
رپورٹ میں پیشگوئی کی گئی کہ آئندہ مالی سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کا 2 اعشاریہ 4 فیصد تک رہے گا جب کہ آئندہ مالی سال بیروزگاری کی شرح 7 فیصد سے کم ہو کر 6 اعشاریہ 8 ہوجائے گی۔