“میرے ہاتھ میں چھالے پڑ جاتے تھے۔ خون بہنے لگتا تھا تو میں پتھر چھوڑ دیتا تھا اور اللہ سے دعا مانگتا تھا کہ مجھے توفیق دے تاکہ میں اس کے بندوں کے لئے آسانی کرسکوں“
یہ کہنا ہے کوئٹہ کے علاقے مری آباد سے تعلق رکھنے والے بزرگ شہری علی یاور کا جنھوں نے اپنے علاقے کے لوگوں کے لئے اکیلے ہی پہاڑ کاٹ کر راستہ بنادیا۔ علی یاور کی عمر 70 برس یا اس سے زیادہ ہے۔
اپنے اس کارنامے کے بارے میں بات کرتے ہوئے علی یاور کا کہنا تھا کہ انھوں نے یہ کام ساڑھے تین سال کے عرصے میں مکمل کیا۔ وہ ماضی میں کان کنی کے پیشے سے تعلق رکھتے تھے۔
انھوں نے بتایا کہ وہ اکثر روپڑتے تھے لیکن انھیں اپنے علاقے کے لوگوں کو دیکھ کر دکھ ہوتا تھا جو بغیر راستے کے یہاں سے گزرتے تھے۔ میں نے حوصلہ کیا تاکہ لوگ مجھے دعائیں دے۔ اللہ کا شکر ہے کہ میں اپنے مقصد میں کامیاب ہوا۔