چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج شروع کردیا، مظاہروں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
سابق وزیراعظم کی گرفتاری کیخلاف پشاور ہشتنگری میں حالات کشیدہ ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ لاہور میں بھی بڑی تعداد میں کارکن سڑکوں پر آگئے ہیں۔
کراچی میں پی ٹی آئی رہنماؤں نے کارکنوں کو انصاف ہاؤس پہنچنے کی ہدایات دیدی ہیں جبکہ شہر قائد میں احتجاج کے دوران مین شاہراہ فیصل پر احتجاج کی وجہ سے ٹریفک معطل ہوگئی ہے۔
یاد رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو رینجرز نے القادر ٹرسٹ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار کرنے کے بعد نیب کے حوالے کر دیا ہے جس کے بعد عمران خان کو نیب راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔
چیئرمین کی گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کے رہنماؤں نے ملک بھر میں کارکنوں کو گھر سے نکلنے کی ہدایت کی تھی جس پر مختلف شہروں میں احتجاج شروع ہونے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔