گوری چٹّی نہ ہونے کی وجہ سے ہراساں کیا گیا: سونم باجوہ

image

انڈین اداکارہ اور ماڈل سونم باجوہ کا کہنا ہے کہ رنگت کی بنیاد پر انہیں ہراساں کیا جاتا رہا ہے۔

انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق ایک انٹرویو میں سونم باجوہ نے بتایا کہ فلم انڈسٹری میں جب انہیں نظرانداز کیا گیا اور بڑے، کامیاب سلیبریٹیز کو اہمیت دی گئی تو انہیں زیادہ فرق نہیں پڑا کیونکہ وہ اپنی زندگی میں بدتر رویوں کا شکار رہ چکی ہیں۔

پنجابی، تیلگو اور تامل فلموں میں کام کرنے والی اداکارہ سونم باجوہ آج کل اپنی آئندہ آنے والی فلم ’گوڈے گوڈے چاہ‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں۔

سدھارت کنان کو دیے گئے انٹرویو میں سونم باجوہ نے مزید بتایا کہ بچپن میں انہیں چہرے کی رنگت کی بنیاد پر ہراساں کیا جاتا کیونکہ پنجابی ہونے کی وجہ سے وہ ’اتنی گوری چٹی‘ نہیں تھیں۔

’میرے کچھ رشتہ دار مجھے اپنے گھر بھی نہیں بلاتے تھے۔ بڑے ہوتے ہوئے میں نے ان کے گھر کبھی نہیں دیکھے تھے۔ لیکن بعد میں جب اپنے کیریئر میں کامیاب ہوئی تو پھر مجھے ہر وقت اپنے گھر آنے کی دعوت دیتے، لیکن بدقسمتی سے تب تک نہ میرا ان سے ویسا تعلق رہا تھا اور نہ ہی ان کے لیے عزت رہی تھی۔‘

’بس یہی زندگی ہے، ہر کوئی کامیاب لوگوں کی عزت کرتا ہے۔ سوسائٹی میں بھی اور انڈسٹری میں بھی۔‘

سونم باجوہ نے کہا ’بہترین ردعمل یہی ہے کہ ایسے لوگوں کے جیسا بننے سے خود کو بچائیں۔‘

’لوگوں نے مجھے نظرانداز کیا اور وہ بھی اس عمر میں جب آپ یہ سمجھ ہی نہیں سکتے کہ یہ ایسا کیوں کر رہے ہیں۔ انڈسٹری میں جب مجھے نظرانداز کیا گیا اور بڑے کامیاب اداکاروں کو اہمیت دی گئی تو مجھے زیادہ فرق نہیں پڑا کیونکہ میں اس سے برا دیکھ چکی تھی۔‘

پنجابی فلموں کی اداکارہ نے بتایا کہ ان کے ساتھ ایسا بھی ہو چکا ہے کہ فلم ساز فلم سے نکال دیتے اور انہیں اس فیصلے سے آگاہ بھی نہ کرتے۔

ریئلٹی شو بگ باس 13 میں شہناز گل کے ساتھ کام کرنے پر سونم باجوہ نے کہا کہ انہیں مزہ آیا اور باصلاحیت اداکار کے ساتھ کام کرنے سے مزید اچھی پرفارمنس دینے کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔


News Source   News Source Text

آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts