سینما ہو یا گھر فلم دیکھتے ہوئے پاپ کارن کھانے کا لطف ہی الگ ہوتا ہے اور اکثر لوگ فلم دیکھتے ہوئے پاپ کارن کے ساتھ کولڈ ڈرنک کے مزہ لینا بھی پسند کرتے ہیں لیکن کئی بار یہ مزہ سزا میں بھی بدل جاتا ہے، جیسا کہ ایک شہری کے ساتھ ہوا۔
بھارت میں سینما میں فلم دیکھنے کیلئے جانے والے ایک صارف نے سوشل میڈیا پر پاپ کارن اور کولڈ ڈرنک کا بل شیئر کیا۔ اس بل میں پاپ کارن کی قیمت 460 روپے لکھی تھی جبکہ ایک کولڈ ڈرنک کی قیمت 360 روپے تھی اور دونوں چیزوں کی قیمت 820 روپے لکھی ہوئی ہے۔
دلچسپ بات تو یہ ہے کہ اس بل میں فلم کا ٹکٹ شامل نہیں تھا۔ صارف نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ یہ قیمت سالانہ ’پرائم ویڈیو ان‘ کی سبسکرپشن کے برابر ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ فیملی کے ہمراہ سینما گھروں میں جا کر فلم دیکھنا ناقابل برداشت ہو گیا ہے۔
یاد رہے کہ سینما گھروں میں اس وقت ایک عام ٹکٹ پانچ سو کے قریب ہے تاہم سینما گھروں میں پاپ کارن، چپس نمکو، کولڈ ڈرنک ودیگر کھانے پینے کی چیزوں کے نرخ اکثر بہت زیادہ رکھے جاتے ہیں۔