بیرون ملک سفر کیلئے مناسب کپڑوں کی خریداری اور بھاری بیگز سفر کا لطف خراب کردیتے ہیں لیکن ایک فضائی کمپنی نے مسافروں کو اس پریشانی سے بچانے کیلئے کرائے پر کپڑے دینے کی سروس شروع کردی ہے جس سے مسافروں کو شاپنگ اور بڑے بڑے بیگز لے کر گھومنے کی زحمت نہیں اٹھانی پڑے گی۔
جاپان کی ایئرلائن میں Any Wear Anywhere نامی اس سروس کو پرواز سے قبل ہی استعمال کیا جاسکتا ہے جو تجرباتی طور پر اگست 2024 تک جاری رہے گی۔
دلچسپ بات تو یہ ہے کہ سیاح اور تاجرفلائٹ سے پہلے ہی اپنے سائز اور پسند کے کپڑے بک کراسکتےہیں جو ان کے دیئے گئے پتے پر آپ کے پہنچتے ہی موصول ہوجائیں گے اور آپ بغیر سامان کے اپنے سفر سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔
سروس سے فائدہ اٹھانے کیلئے کپڑوں کی پیشگی بکنگ کے بعد اپنے ادارے، ہوٹل یا ٹھہرنے کے مقام کا پتا لکھا جاسکتا ہے اور کمپنی آپ کی آمد کے فوری بعد ہی لباس کو وہاں پہنچادے گی۔ ان کپڑوں کو آپ دو ہفتے تک اپنے پاس رکھ سکتے ہیں اور انہیں دھوئے بغیر کمپنی کو واپس کردیں گے۔
یہاں آپ کو اگر ان کپڑوں کا کرایہ بتائیں تو 3 شرٹس اور دو پینٹس کا کرایہ 4000 جاپانی ین ہوگا جو کہ پاکستانی روپوں میں 7800 روپے بنتے ہیں، اس سہولت کی وجہ سے ہنگامی طور پر سفر کرنے والوں کو سب سے زیادہ آسانی میسر آئے گی۔