اسپین میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے لوگ سیلابی ریلوں میں بہہ گئے، ریلے کے راستے میں جو بھی آیا ریلے اُسے بہا کر لے گئے، بعض علاقوں میں صرف دس منٹ کی بارش ہی تباہی لے آئی۔
میڈرڈ کا شمالی زراگوزا سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کررہی ہیں۔سیلابی ریلوں کے دوران لوگوں نے گاڑیوں کی چھتوں اور درختوں پرچڑھ کر جان بچانےکی کوشش کی لیکن ان کوششوں کے دوران بھی کئی لوگ سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔
مضافاتی علاقوں میں کہیں اولے پڑے تو کہیں آندھی جب کہ بارش اور آندھی سے بڑا علاقہ بجلی سے محروم ہوگیا اور قیمتی فصلیں تباہ ہوگئیں۔
یاد رہے کہ اسپین کے جنوب مشرق اور مشرق میں موسلادھار بارشوں نے سیلابی صورتحال پیدا کردی ہے، مرسیا، ویلنسیا، کاتالونیا اور آراگون میں شدید بارشوں کی وجہ سے کئی گھر اوردکانیں زیر آب آگئے، درخت گرگئے، سڑکیں ٹوٹ گئیں اور گاڑیاں سیلابی پانی میں بہہ گئیں۔
فی مربع میٹر 140 لیٹر سے زیادہ بارش ہوئی، خاص طور پر ویلنسیا کے شہر کاستیلون میں اور اس کے آس پاس اورنج الرٹ نافذ کیا گیا ہے۔مرسیا میں جہاں تعلیمی سرگرمیاں معطل ہیں ، سیلابی پانی میں پھنسی گاڑیوں سے 15 افراد کو بچا لیا گیا۔