سونے کی دکان پر سیکورٹی گارڈز تو آپ نے ہمیشہ ہی دیکھے ہوں گے مگر اگر سبزی کی دکان پر بھی حفاظتی عملہ دیکھنا ہو تو یہ حیرت انگیز منظر آپ بھارت جا کر دیکھ سکتے ہیں۔ جی ہاں! پڑوسی ملک بھارت میں آسمان کو چھوتی ٹماٹروں کی قیمت نے دکانداروں کو سیکورٹی گارڈز رکھنے پر مجبور کردیا ہے۔
بھارت کی ریاست اتر پردیش کے علاقے وارانسی میں ٹماٹروں کی حفاظت کے لیے گروسری اسٹور کے مالک اور سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے کارکن اجے نے 2 فوجیوں کی پہرہ داری کے لئے خدمات حاصل کر لی ہیں۔
اس حوالے سے دکان دار اجے نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ سبزیوں اور خاص طور پر ٹماٹر کی قیمتیں بہت بڑھ گئی ہیں۔ لوگ بات کو سمجھتے نہیں اور لڑائی کرتے ہیں۔ پچھلے کچھ دنوں میں گاہک ہاتھا پائی تک پہنچ گئے اس لئے انھیں مجبوراً سیکورٹی کی خدمات حاصل کرنی پڑیں۔
سیکورٹی گارڈ کا کہنا ہے کہ ٹماٹر 140-160 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کیے جارہے ہیں جو بہت مہنگے ہیں۔ وی صرف اس وقت اپنا کام کرتے ہیں جب گاہک حد سے گزرنے لگیں۔البتہ انھوں نے یہ بتانے سے انکار کردیا کہ یہ انوکھی ڈیوٹی پوری کرنے کے وہ کتنے پیسے لے رہے ہیں۔ البتہ ان کا کہنا ہے کہ دھیرے دھیرے لوگوں کے رویے بہتر ہورہے ہیں۔