29 سالہ شہزادی شیخا مہرہ نے فلپائنی ڈیزائنر کا خوبصورت سفید لباس پہنا، اپنے جیون ساتھی کے ساتھ ملکر تلوار کے ساتھ 10 فٹ کا کیک کاٹا، شہزادی مہرہ نے اپنی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں تو مداحوں نے دل کھول کر مبارکباد دی۔
آیئے آپ کو شہزادی شیخا مہرہ کی زندگی اوران کے شوہر کے بارے میں کچھ بتاتے ہیں۔سوشل میڈیا پر ان دنوں ایک بار پھر شہزادی شیخا مہرہ کے چرچے ہیں، شہزادی شیخا مہرہ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کی صاحبزادی ہیں۔
26 فروری 1994 کو دبئی میں پیدا ہونے والی شہزادی شیخا مہرہ نے آکسفورڈ کالج سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد اپنے والد و دبئی کے شیخ محمد بن راشد کے ساتھ مل کر دبئی کی ترقی کیلئے دن رات ایک کر دیا۔
نوجوان نسل میں مقبول شہزادی شیخا مہرہ نایاب نسل کے گھوڑوں کی سواری اور سوئمنگ کا شوق رکھتی ہیں۔ شہزادی مہرہ کو صرف گھوڑے پالنے کا ہی نہیں بلکہ یہ دبئی میں ہونے والی گھوڑوں کی ریس میں حصہ بھی لیتی ہیں۔ شہزادی مہرہ کو نایاب نسل کے کتے، شیر پالنے کا بھی بہت شوق ہے اور لگژری گاڑیوں سے بھی انہیں بہت محبت ہے۔
شیخا مہرہ امدادی سرگرمیوں اور فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے علاوہ ماحولیات، خواتین کو طاقتور بنانے اور غیر مراعات یافتہ طبقے کی ترقی کیلئے بھی کام کرتی ہیں۔
کچھ عرصہ قبل سوشل میڈیا پر اس وقت ہنگامہ مچا جب عمران خان کے صاحبزادے سلیمان کے ساتھ دبئی کی شہزادی شیخا مہرہ سے ملتی جلتی نوجوان لڑکی تصویر جوڑ کر شیئر کی گئی اور دعویٰ کیا گیا کہ مبینہ طور پر دبئی کی شہزادی نے شادی کی پیشکش کی ہے لیکن پاکستانی افواہیں اڑاتے رہ گئے اور شہزادی مہرہ نے حقیقت میں شیخ مانع کو اپنا جیون ساتھی بنالیا۔
شیخا مہرہ کے شوہر شیخ مانع دبئی کی معروف کاروباری شخصیت شیخ محمد بن راشد بن المانع المکتوم کے بیٹے ہیں جو کہ رئیل سٹیٹ اور متحد ہ عرب امارات میں ٹیکنالوجی سے متعلق مختلف منصوبوں کے باعث اپنی پہچا ن رکھتے ہیں۔
شیخا مہرہ کی طرح شیخ مانع کو بھی اعلیٰ نسل کے گھوڑے پالنے کا شوق ہے اور دنیا کے کئی ممالک تک وسیع کاروبار کے مالک شیخ مانع کے پاس بھی دولت کی کوئی کمی نہیں ہے۔
شیخ مانع متحدہ عرب امارات کی فوج اور نیشنل سروس میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں اور بازوں سے کھیلنے کا بھی شوق رکھتے ہیں۔شیخ مانع متحدہ عرب امارات میں رئیل اسٹیٹ اور ٹیکنالوجی کے کئی کامیاب منصوبوں میں بھی شامل ہیں۔
شہزادی مہرہ او شیخ مانع کی شادی اپریل میں انجام پائی، گزشتہ دنوں دونوں کی شادی کے لباس میں تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔یہ تصاویر شہزادی مہرہ نے خود اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے شیئر کیں جنہیں مداحوں نے بہت پسند کیا۔
شادی کی خوشخبری دولہے کے والد شیخ محمد بن راشد بن المانع المکتوم نے نظم کی صورت میں جاری کی ، جس میں کہا گیاکہ ”اللہ کی جانب سے فراہم کیئے گئے اس خوبصورت دن پر خوشیاں منائی گئیں، کتابیں لکھی گئیں اور ہر گھر سے مبارک بادوں کا تبادلہ ہوا، جیسا کہ مانع کی شادی کی خوشخبری سے ہمارا دن روشن ہوا ایسے ہی ہماری رات بھی روشن ہوئی ،ہر ایک کو خوشی نصیب ہوئی۔“