صومالیہ میں مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا، واقعہ کی خوفناک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب 50 مسافروں اور عملے کو لے کرآنے والا مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے پر پھسل کر دیوار سے جا ٹکرایا، سوشل میڈیا پر حادثے کی ایک مختصر ویڈیو سامنے آئی ہے۔
منگل کے روز صومالیہ میں ایک مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوا تاہم حادثے میں مسافر محفوظ رہے ، چھ مسافروں کے معمولی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
صومالیہ کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے موگادیشو کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر لینڈنگ کے دوران سول مسافر طیارے کے حادثے کی تصدیق کی ہے۔
قومی ایئر ٹرانسپورٹ کے وزیر کا کہنا تھا کہ طیارے میں تقریباً 50 افراد سوار تھے لیکن حکام نے اب تک یہ نہیں بتایا کہ طیارہ پھسلنے کی وجہ کیا تھی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ تیزی کے ساتھ رن وے سے باہر نکلا اور ایک دیوار سے ٹکرا گیا، حادثے میں طیارہ بری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوا تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔