بھارت میں ان دنوں بارشوں نے تباہی مچائی ہوئی ہے، خاص کر شمالی بھارت حالیہ برسات سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔ مون سون بارشوں نے جہاں شمالی ریاستوں میں تباہی مچا رکھی ہے وہیں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی بھی بارشوں اور سیلابی صورتحال سے بری طرح متاثر ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، نئی دلی سے بھارتی واٹر کمیشن کے حوالے سے بھارتی میڈیا نے بتایا کہ دریائے جمنا میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلندی پر پہنچ چکی ہے، جس نے 45 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ، 1978ء میں دریائے جمنا میں پانی 207.49 میٹر کی سطح تک پہنچا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، مون سون کی بارشوں کے باعث کافی تباہی مچ گئی ہے۔ سینکڑوں افراد نقلِ مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں جبکہ بہت سا مالی نقصان بھی ہوا ہے، جس میں لوگوں کے گھر، گاڑیاں، دکانیں اور سڑکیں سب تباہ ہو کر رہ گئی ہیں۔
دوسری جانب نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے نشیبی علاقوں سے لوگوں کو نقل مکانی کی ہدایت کی ہے۔ جبکہ شہر میں ہنگامی حالت کےلیے درجنوں کشتیاں پہنچا دی گئی ہیں۔
دہلی میں سیلابی صورتِ حال کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کیجریوال کا کہنا تھا کہ، دہلی میں پانی بھارتی ریاستوں ہماچل پردیش اور ہریانا سے آرہا ہے جس کیلیئے ہم نے مودی حکومت سے دہلی کی طرف پانی کا بہاؤ کم رکھنے کی درخواست کی ہے۔