قدرتی آفات اور مشکلات جہاں انسانوں کیلئے مشکلات لے کر آتی ہیں وہیں کچھ لوگوں کیلئے انوکھی اور حیرت انگیز چیزوں کا سبب بھی بن جاتی ہیں، امریکا میں ایسا ہی ایک خاتون کے ساتھ ہوا جس کو آسمانی بجلی نے مالا مال کردیا۔
امریکی ریاست میسوری میں طوفان کی وجہ سے ایک شاپنگ اسٹور میں پناہ لینے والی خاتون نے اسٹور میں رکنے کی غرض سے بلاوجہ لاٹری ٹکٹ خریدلیا لیکن ان کی قسمت اچھی تھی کہ انہوں نے 50 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم پر اپنے نام کرلی۔
لاٹری جیتنے والی خاتون نے میڈیا کو بتایا کہ وہ ڈرائیونگ کر رہی تھیں جب قریب میں ہی آسمانی بجلی گری اور انہیں فوری طور پر نہ چاہتے ہوئے بھی تھوڑی دیر رکنا پڑا۔انہوں نے بتایا کہ سڑک پر آسمانی بجلی گِری تومیں نے اپنے شوہر سے کہا کہ میں اس طوفان میں نہیں جانا چاہتی۔
خاتون کا کہنا ہے کہ طوفان تھم جانے کے انتظار تک انہوں نے قریبی اسٹور میں پناہ لی اور وہاں موجود لاٹری ٹکٹ خرید لیا۔ خاتون نے بتایا کہ اگلی صبح انہیں پتہ چلا کہ جو لاٹری انہوں نے لی تھی، اس پرانعام نکل آیا ہے، وہ یہ انعامی رقم اپنے پوتے پوتیوں پر خرچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔