’شرمناک حرکت‘، آئی سی سی ورلڈ کپ پرومو میں بابر اعظم کیوں نہیں؟

image
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے رواں برس انڈیا میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے نیا پرومو جاری کر دیا ہے۔

آئی سی سی نے جمعرات کو سوشل میڈیا پر پرومو ریلیز کیا اور اس میں بالی وُڈ اداکار شاہ رخ خان کی آواز شامل کی گئی ہے اور اس کے اختتام پر کنگ خان کو دکھایا بھی گیا ہے۔

آئی سی سی نے اپنے ورلڈ کپ پرومو میں لکھا کہ ’اس آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں تاریخ لکھی جائے گی اور خواب پورے کیے جائیں گے۔‘

اس پرومو میں انڈین ٹیم کو سب سے زیادہ دکھایا گیا ہے جبکہ پاکستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی نمائندگی نہ ہونے کے برابر ہے۔

History will be written and dreams will be realised at the ICC Men's Cricket World Cup 2023

All it takes is just one day pic.twitter.com/G5J0Fyzw0Z

— ICC (@ICC) July 20, 2023

آئی سی سی نے جہاں دوسری ٹیموں کے جیتنے کی لمحات پرومو میں شامل کیے ہیں وہیں پاکستانی کھلاڑیوں کو چھکے، چوکے کھاتے اور آؤٹ ہوتا دکھایا گیا ہے۔

ورلڈ کپ پرومو میں پاکستان کرکٹ کو نظر انداز کرنے اور منفی تناظر میں دکھانے پر پاکستانی کرکٹ سمیت دیگر ممالک کے شائقین ٹوئٹر پر آئی سی سی پر برس پڑے ہیں۔

شہریار اعجاز اپنی ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ ’یہ ویڈیو انڈین کرکٹ ٹیم اور انگلینڈ ٹیم پر مبنی ہے۔ اس میں شاہین کو وکٹ لیتا دکھایا گیا ہے، شاداب کو چھکا لگتا دکھایا گیا ہے، وہاب ریاض کو رنز پڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور محمد عامر کو کلین بولڈ ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ لیکن ون ڈے کرکٹ کے نمبر ون بیٹر (بابر اعظم) اس میں نہیں ہیں۔ اُن کا ورلڈ کپ 2019 میں اچھا ریکارڈ تھا۔ انہوں نے 474 رنز کیے تھے۔ میں یہی کہوں گا یہ جلن اور منافقت ہے۔‘

سلطان خان کہتے ہیں کہ ’آئی سی سی کی جانب سے شرمناک حرکت ہے۔ نمبر ون ڈے بیٹر بابر اعظم کو پرومو میں شامل نہیں کیا گیا۔ آئی سی سی بی سی سی آئی ہے۔‘

کشف نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’اس اشتہار کو یہ بات ذہن میں رکھ کر بنایا گیا ہے کہ انڈیا کے پاس ٹرافی ہے، باقی ٹیمیں صرف مہمان ہیں اور پاکستان کھیل ہی نہیں رہا۔‘

this ad was made keeping in mind that india owns the trophy, other teams are guests and pakistan is not playing. https://t.co/aoW4jjjxGW

— کشف (@kashafudduja_) July 20, 2023

ورلڈکپ کا پہلا میچ 5 اکتوبر کو دفاعی چیمپیئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔

ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم اپنے تمام گروپ میچز انڈیا کے پانچ شہروں کولکتہ، بنگلور، حیدرآباد دکن، احمد آباد اور چنئی میں کھیلے گی۔

پاکستان اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو کوالیفائر ون ٹیم سے حیدرآباد دکن میں کھیلے گا۔

اسی طرح پاکستان اپنا دوسرا میچ بھی حیدرآباد دکن میں 12 اکتوبر کو کوالیفائر ٹو کے ساتھ کھیلے گا۔

اس کے بعد پاکستان اپنے روایتی حریف انڈیا کے خلاف 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلے گا۔

میگا ایونٹ میں پاکستان کا چوتھا میچ آسٹریلیا کے خلاف 20 اکتوبر کو بنگلور میں ہو گا جبکہ گرین شرٹس 23 اکتوبر کو اپنا پانچواں میچ افغانستان کے خلاف چنئی میں کھیلے گی۔

اسی طرح پاکستان اپنا چھٹا میچ بھی 27 اکتوبر کو جنوبی افریقہ کے خلاف چنئی میں ہی کھیلے گا۔

ورلڈ کپ میں پاکستان کا ساتواں میچ بنگلہ دیش کے خلاف کولکتہ میں 31 اکتوبر کو ہوگا جبکہ گرین ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف 4 نومبر کو بنگلور میں کھیلے گی۔

پاکستان ایونٹ میں آخری گروپ میچ 12 نومبر کو کولکتہ میں انگلیںڈ کے خلاف کھیلے گا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.