شادیوں میں اکثر مزیدار کھانے کی لالچ میں کچھ لوگ جھوٹ موٹ کے رشتے دار بن کر پہنچ جاتے ہیں مگر یہ شرارت ہاتھی جیسا لحیم شحیم جانور بھی کرسکتا ہے اس بارے میں شاید ہی کسی نے سوچا ہوگا۔ مگر بھارت کی ایک شادی میں ایسا واقعہ پیش آیا جس کے بعد مہمان ہی نہیں بلکہ دلہا دلہن بھی بھاگ گئے۔
یہ واقعہ بھارت کے ریاست مغربی بنگال کے گاؤں جھرگرام میں پیش آیا جہاں ہاتھیوں کے ایک جھنڈ نے شادی کی تقریب پر دھاوا بول کر دولہا دلہن کو موٹرسائیکل پر فرار ہونے پر مجبور کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہاتھوں کے اس جھنڈ میں 100کے لگ بھگ ہاتھی شامل تھے، جنہیں دیکھتے ہی تقریب میں موجود ہر شخص سر پر پاﺅں رکھ کردوڑا۔ شادی کے کھانے میں تلے ہوئے جھینگے، کباب، مرغی سے لے کر کئی طرح کے میٹھے نمکین آئٹمز موجود تھے جن کی خوشبو نے ہاتھیوں کی بھوک چمکا دی تھی۔ یہ افراتفری دیکھ کر تنموئے سنگھا نامی دلہا بھی اپنی دلہن ممپی سنگھا کو موٹرسائیکل پر بٹھا کر وہاں سے بھاگ نکلا۔
مقامی لوگوں کے مطابق علاقے میں ایسے واقعات اکثر پیش آتے رہتے ہیں۔ ہاتھی کھانوں کی خوشبو سونگھ کر ہاتھی یونہی تقریبات میں آجاتے ہیں۔