حکومت نے عوام کی صحت کے بہتر بنانے کیلئے ریسٹورنٹس کیلئے کھانوں کے ساتھ کیلوریز لکھنے کی بھی پابندی عائد کردی۔
پرائم منسٹر اسٹریٹجک ریفارمز کے سربراہ سلمان صوفی نے ٹوئٹر کے ذریعے بتایا کہ محفوظ غذا تندرستی سدا‘ کے نام سے شروع کی گئی مہم کے مطابق اب تمام ریستوران مینیو کارڈ میں کھانوں کے ناموں اور تصویروں کے آگے غذا کے کیلوری کاؤنٹ لکھنے کے بھی پابند ہونگے۔
سلمان صوفی نے اپنے پیغام میں مزید لکھا کہ ریستوران ہر مینو آئٹم کی کیلوری کا شمار ظاہر کریں گے، اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ شہری جانتے ہوں کہ وہ کیا اور کتنا کھا رہے ہیں۔
انہوں نے مینیو کارڈ پر کیلوری کاؤنٹ لکھنے والے ریستوران کے نام بھی شیئر کیے، اس فہرست میں اُن ریستوران کے نام درج ہے جنہوں نے اس فیصلے پر عمل شروع کردیا ہے۔
سلمان صوفی کا مزید کہنا ہے کہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے شروع کی گئی اس مہم سے شہریوں کو صحت سے متعلق معلومات اور آگاہی فراہم کی جائے گی۔
پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا کے فوڈ حکام اور بلوچستان کی حکومت نے اس اقدام پر بڑی پیش رفت کی ہے، لیبارٹریوں کے ساتھ غذائیت سے متعلق معلومات تیار کرنے کے لیے ریسٹورانٹس کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔