پچھلے کچھ ہفتوں سے محبت کی خاطر شوہر کو دھوکہ دے کر پاکستان سے بھارت جانے والی سیما کی کہانی پر لوگ تبصرے کر ہی رہے تھے کہ انجو کی کہانی سامنے آگئی۔ انجو بھارت کی ریاست راجستھان کے ضلع بھیواڑی سے تعلق رکھنے والی خاتون ہیں جو اپنی شادی شدہ زندگی چھوڑ کر پاکستانی نوجوان نصراللہ سے شادی کرے پاکستان آگئی ہیں۔
نصراللہ پاکستان کے شمالی علاقے دیر بالا کے رہائشی ہیں۔ جبکہ انجو کا کہنا ہے کہ ان دونوں کی دوستی فیس بک سے ہوئی۔ انجو نے اپنے شوہر سے جھوٹ بولا کہ وہ کچھ دن کے لئے جے پور جارہی ہے اور وہ پاکستان آگئیں۔
انجو کے شوہر اروند کا کہنا ہے کہ ان کی بیوی نے شادی کیلئے عیسائیت قبول کی تھی۔ جبکہ انجو پاکستان پہنچ کر بھی اروند سے واٹس ایپ سے رابطے میں تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ لاہور میں ہیں اور کچھ دن میں واپس آجائیں گی۔ اگرچہ اروند کو انجو اور نصراللہ کی محبت کا بھی معلوم ہوچکا ہے لیکن وہ ابھی بھی اپنی اہلیہ کے منتظر ہیں۔ اروند ایک نجی ادارے میں ڈیٹا آپریٹر ہیں۔