متحدہ عرب امارات کے نائب صدراور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے 8 سالہ عراقی بچی کو گھوڑی کی موت پر گھوڑوں کا ایک پورا دستہ تحفے میں دینے کے ساتھ گھڑ سواری کے مرکز کی تعمیر کا بھی حکم دیدیا۔
ٹوئٹر پر عراقی بچی لانیہ فخر کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ اپنی گھوڑی ’جسنو‘ کی لاش پر زار و قطار رو رہی تھی، یہ گھوڑی لانیہ کو اس کے والد نے تحفے میں دی تھی جب اس کی عمر 5 سال تھی۔
گھوڑی کی موت پر غمزدہ لانیہ نے اپنی ویڈیو میں بتایا کہ جسنو حال ہی میں بیمار ہوئی تھی اور اس دوران اس کی دیکھ بھال کرنے اور اسے بچانے کی پوری کوشش کی تھی لیکن میری دوست نہیں بچی۔ لانیہ کا کہنا تھا کہ جسنو میری قریبی دوست تھی جس کو میں کبھی نہیں بھول سکتی۔
8 سالہ لانیہ کی ویڈیو دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم تک پہنچی تو انہوں نے عراقی بچی کو گھوڑی کی موت پر گھوڑوں کا ایک پورا دستہ تحفے میں دینے کے ساتھ گھڑ سواری کے مرکز کی تعمیر کا بھی حکم دیدیا۔
شیخ محمد بن راشد المکتوم کا کہنا تھا کہ گھڑ سواری کے مرکز میں لانیہ کو تربیت دینے اور دیگر بچوں کو سواری سکھانے کے ساتھ ساتھ ان کی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں مدد ملے۔
یاد رہے کہ شیخ محمد بن راشد المکتوم کی لاڈلی بیٹی شیخا مہرہ بھی گھڑ سواری کا شوق رکھتی ہیں اور اس شوق کی تکمیل کیلئے ان کے پاس اعلیٰ نسل کے کئی گھوڑے موجود ہیں۔