ابھی سیما اور پھر انجو کا قصہ لوگوں کی زبان پر ہی تھا کہ سوشل میڈیا پر پروان چڑھی دوستی کو حتمی نتیجہ دینے کے لئے چینی خاتون بھی پاکستان آگئیں۔ یہ چینی خاتون سن گوفنگ ہیں اور پاکستانی نوجوان جاوید ہاشمی سے شادی کرنے کے لئے پاکستان آگئی ہیں۔
جیو نیوز کے مطابق سن گونفنگ خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر دیر کے علاقے ثمرباغ آئی ہیں۔ سن گونفنگ کا کہنا ہے کہ ان کی دوستی جاوید سے فیس بک پر ہوئی اور ٣ سال سے دونوں گہرے دوست ہیں۔ سن گوفنگ مکمل قانونی طریقے سے پاکستان آئی ہیں اور ان کی عمر بھی 21 برس ہے البتہ جاوید ہاشمی محض 16 برس کے ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لوئر دیر ضیا الدین کا کہنا ہے کہ سن گوفنگ کو جاوید نے اپنے ماموں کے گھر ٹہرایا تھا البتہ اب دونوں اسلام آباد روانہ ہوگئے ہیں۔ سن گوفنگ کا کہنا ہے کہ وہ جاوید ہاشمی سے محبت کرتی ہیں اور ان سے شادی کرنے یہاں آئی ہیں البتہ ان کے اسلام قبول کرنے اور جاوید سے نکاح کے بارے میں تاحال کوئی خبر سامنے نہیں آئی ہے۔