بھارت کے شہر ممبئی میں ایک ٹی وی سیریل کی ریکارڈنگ کے دوران سیٹ پر اچانک ایک چیتا اپنے بچے کے ساتھ پہنچ گیا جس کی وجہ سے سیٹ پر موجود لوگوں کی چیخیں نکل گئیں۔
ممبئی کے گورگاؤں فلم سٹی میں ایک مراٹھی ٹی وی سیریل ’اجونی‘ پر گزشتہ رات ایک چیتا اپنے بچے کے ساتھ کہیں سے آ گیا جسے دیکھ کر سیٹ پر کام کرنے والوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعہ کے حوالے سے آل انڈین سینے ورکرز ایسوسی ایشن کے صدر سریش شیام لال گپتا نے بتایا کہ سیٹ پر 200 سے زیادہ لوگ موجود تھے، کسی کی بھی جان جا سکتی تھی، گزشتہ دس دنوں میں یہ تیسرا یا چوتھا واقعہ ہے، حکومت اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات نہیں کر رہی ہے۔
واقعے کے بعد حکام کی کئی ٹیموں نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور وہاں کی صورت حال کا جائزہ لیا اور حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو کلپ میں سیٹ پر چیتے کو دیکھ کر عملے کے ارکان کو گھبراہٹ میں بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، 18 جولائی کو بھی فلم سٹی میں ایک تیندوے نے آ کر ایک کتے پر حملہ کیا تھا۔