جدید دور میں شادیوں کی رسومات اور تقریبات بھی تبدیل ہوتی جارہی ہیں، جہاں پہلے صرف رسومات اور کھانوں کی بات کی جاتی تھی وہاں اب نت نئے کاموں کے بارے میں باقاعدہ منصوبہ بندی کی جاتی ہے اور کئی بار شادیوں میں آئے مہمانوں کو بھی مختلف کرتب کرنے پر مجبور کردیا جاتا ہے۔
شادیوں میں دلہا دلہنوں کی انٹری بھی اس وقت نئے انداز میں بدل چکی ہے، جہاں ماضی میں دلہنیں گھونگھٹ میں سمٹی شرماتی نظر آتی تھیں وہیں آج دلہن ناچتے ہوئے اسٹیج پر انٹری کرتی ہے جبکہ دلہا بھی مختلف کرتب دکھاتے ہوئے اسٹیج تک پہنچتا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں جوڑے نے اپنی شادی کو منفرد بنانے کیلئے نہ صرف اپنے لیے بلکہ باراتیوں کے لیے بھی تقریب کے دوران مہم جوئی کا انتخاب کیا جس نے اس انوکھی شادی کو مزید یادگار بنادیا۔
جوڑے جس کی شناخت پرسکیلا اینٹ اور فلیپو لی کوئرس کے نام سے ہوئی، ویڈیو میں دلہا اور دلہن شادی میں آئے مہمانوں کے ساتھ ایک اونچی چٹان سے اسکائی ڈائیونگ سے لطف اندوز ہوتے نظر آ رہے ہیں۔
نوبیاہتا جوڑے نے چٹان کے کنارے پر گرہ باندھی اور پھر نئی شروعات کا جشن منانے کے لیے چھلانگ لگانے کا سنسنی خیز فیصلہ کیا۔ شادی میں موجود تمام افراد مناسب حفاظتی سامان سے لیس تھے۔
سوشل میڈیا صارفین نے وائرل ویڈیو پر بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا اور جوڑے کو سب سے الگ کرنے پر مبارکباد دی جبکہ کچھ صارفین نے اقدام پر تنقید بھی کی ہے۔