محکمہ موسمیات نے آج کراچی میں تیز ہواؤں کی نوید سناتے ہوئے آئندہ 3 روز میں بارش کا امکان بھی ظاہر کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 3 روز میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے، شہر کا مطلع زیادہ تر ابر آلود اور موسم مرطوب رہنے کی توقع ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
بدین، ٹھٹھہ، تھرپارکر میں بوندا باندی یا ہلکی بارش کا امکان ہے، اس کے علاوہ سندھ کے بیشترمقامات پرموسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ آج شہر قائد کا موسم خوشگوار اور شہر میں کہیں کہیں صبح اور شام کے اوقات میں بوندا باندی کا سلسلہ اگست کے وسط تک جاری رہے گا تاہم شہر میں فی الحال تیز بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔شہر قائد میں ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد ریکارڈ کیا گیا، نمی کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہوسکتی ہے۔
شہر میں طاقتور صومالین تھرسٹ کے زیر اثر موسم انتہائی خوشگوار ہے۔اس وقت آسمان پر گھنے سمندری بادل چھائے ہوئے ہیں جبکہ وقفے وقفے سے مختلف مقامات پر پھوار یا ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔اس وقت شہر قائد میں درجہ حرارت 29 سے 30 ڈگری ہے جبکہ ہواؤں کی رفتار 15 سے 25 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔