“صبح کا وقت تھا اور میں اپنی دکان میں تھا۔ جب باہر نکلا تو سامنے آگ لگی ہوئی تھی اور رونے چیخنے کی آوازیں آرہی تھیں۔ اگر میں انتظار کرتا تو بہت دیر ہوجاتی۔ میں نے سوچا نہیں اور سیڑھی لے کر سامنے والی کھڑکی میں چلا گیا جہاں ایک عورت اپنے بچے کو بچانے کے لئے مدد کو پکار رہی تھی“
یہ کہنا ہے دنیا بھر میں اپنے حیرت انگیز کارنامے سے شہرت پانے والے ایزدین حامدی کا جو فرانس میں ایک بیکری چلاتے ہیں۔ گزشتہ ہفتے فرانس کے علاقے Fournil de Jacquemart میں ایک عمارت میں شدید آتشزدگی ہوئی۔ اگرچہ آگ لگنے کی اطلاع بروقت متعلقہ اداروں کو کردی گئی تھی لیکن ایزدین نے کسی کا بھی انتظار نہیں کیا اور تمام لوگوں کو اکیلے باہر نکالا۔
عمارت میں ایک بچے سمیت 17 لوگ پھنسے ہوئے تھے جنھیں ایزدین نے اکیلے باحفاظت باہر نکالا۔ ایزدین پہلے تو میڈیا سے بات نہیں کرنا چاہتے تھے لیکن بالآخر انھوں نے میڈیا کو پوری تفصیلات سے آگاہ کیا۔ فرانس کے عوام کا خیال ہے کہ مسلمان نوجوان ایزدین کو فرانس کے سب سے بڑے شہری اعزاز لیجنڈ آف آنر سے نوازا جانا چاہیے۔