پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر نیو یارک شہرکے کوئنز بورومیں ایک سڑک کا نام قومی شاعر علامہ محمد اقبال کے نام پر رکھ دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کوئنز کے رچمنڈ ہل سیکشن میں منعقدہ تقریب میں علامہ اقبال ایونیو کا افتتاح کیا گیا جہاں لوگوں نے قومی پرچم ہوا میں لہراتے ہوئے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔
امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کے صدر علی رشید کو نیویارک میں ”علامہ اقبال ایونیو“ کے نام سے اس ایونیو کے قیام پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے پاکستان اور امریکہ کے مابین خوشگوار تعلقات استوار کرنے اور امریکہ میں پاکستان کی تاریخ اور ثقافت سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لئے علی رشید کی پرعزم کوششوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
تقریب کے خاص موقع پر خطاب کرتے ہوئے نیویارک سٹی کونسل کی اسپیکر ایڈرین ایڈمز نے کہا کہ پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر انہیں 109 ویں اسٹریٹ اور 101 ویں ایونیو کا نام ’علامہ اقبال ایونیو‘ رکھنے پر فخر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال کے کام اور وژن کے باعث پاکستان ایک آزاد ملک کے طور پر وجود میں آیا ہے۔