عباس ابن فرناس ۔۔ دنیا کی پہلی کامیاب انسانی پرواز کرنے والے مسلمان سے متعلق دلچسپ معلومات

image

موجد، طیارچی، حکیم، شاعر اور موسیقار، طبعیات، ماہر فلکیات اور کیمیادان عباس قاسم ابن فرناس نے 875 عیسوی میں قرطبہ الاندلس میں پہلی کامیاب انسانی پرواز کی۔

علم ریاضی، شاعری، طبعیات، پراسرار علوم اور پیچیدہ گتھیوں کو سلجھانے کے ماہر عباس ابن فرناس نے پانی کی گھڑی ایجاد کی، کرسٹل بنانے کا فارمولا بنایا، شیشے اور مشینوں کی مدد سے ایک ایسا پلانیٹیریم بنایا جس میں لوگ بیٹھ کر ستارے، بادلوں کی حرکت اور ان کی گرج چمک کا مظاہرہ دیکھ سکتے تھے۔

ان کا سب سے بڑا کارنامہ تاریخ میں پہلی انسانی پرواز ہے، وہ گھنٹوں پرندوں کو محو پرواز دیکھ کر انہیں کی طرح اڑنے کے خواہش مند تھے۔ انہوں نے کئی برس پرندوں کی پرواز کی تکنیک یعنی ایروڈائنامیکس کا بغور مطالعہ کیا اور ایک دن یہ اعلان کیا کہ انسان بھی پرندوں کی طرح اڑ سکتا ہے۔

ابن فرناس نے پرندوں کے سے دو پر سائز میں اپنے وزن کے مطابق تیار کیے اور ان کے فریم ریشم کے کپڑے سے منڈھ دیے۔ پھر قرطبہ سے دو میل دور شمال مغرب میں واقع امیر عبد الرحمن الداخل کے بنائے ہوئے محل رصافہ کے اوپر واقع ایک پہاڑی پر چڑھ گیا اور کئی سو تماش بینوں کی موجودگی میں چٹان کے اوپر کھڑا ہو کر دونوں پر اپنے جسم کے ساتھ باندھ لیے۔

تماشائی بڑی حیرت اور تعجب سے یہ ساری کارروائی دیکھ رہے تھے ان کا خیال تھا کہ ابھی اسی کوشش میں اس پاگل سائنسدان کی ہڈیاں تک سلامت نہیں بچیں گی۔ اپنی تیاریاں مکمل کرنے کے بعد ابن فرناس نے تماشائیوں کی جانب ایک نظر دیکھا اور پھر پہاڑی سے چھلانگ لگا دی۔

وہ اپنے پروں کی مدد سے ہوا میں کچھ دیر تیرتا رہا اور پہاڑ سے کچھ فاصلے پر واقع ایک میدان میں بحفاظت اتر گیا، اگرچہ اس کی کمر لینڈنگ کے دوران دباؤ کی وجہ سے تھوڑی بہت متاثر ہوئی۔ یہ واقعہ نویں صدی میں پیش آیا اور اس طرح وہ انسانی تاریخ کا ہوا میں پہلا اڑنے والا انسان کہلایا۔


About the Author:

Arooj Bhatti is a versatile content creator with a passion for storytelling and a talent for capturing the human experience. With a several years of experience in news media, he has a strong foundation in visual storytelling, audio production, and written content.

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.