سعودیہ اور دیگر عرب ممالک میں اونٹ قبائلی افراد کی زندگی کا حصہ ہوتے ہیں اور گھر کے کسی فرد کی طرح ان کی دیکھ بھال کی جاتی ہے، سعودی شہری اونٹوں کے مختلف مقابلے بھی کرواتے ہیں اور اونٹوں کی پرورش پر بھی بہت توجہ دیتے ہیں جس کی وجہ سے اکثر اونٹ بھی مالکوں سے بہت مانوس ہوجاتے ہیں، سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو نے دھوم مچادی ہے جس میں ایک اونٹنی نے سوتے ہوئے مالک کو گلے لگا لیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مالک سو رہا ہے اور اس دوران اونٹنی نے سوتے ہوئے مالک پر اپنی گردن رکھ دی جس کی وجہ سے مالک بھی سوتے سے اٹھ گیا اور پیار سے اونٹنی کی گردن سہلاتا رہا۔اونٹنی کی مالک سے محبت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور اب تک ہزاروں افراد اسے دیکھ چکے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ اونٹوں اور انسانوں کے درمیان گہرا جذباتی تعلق ہوتا ہے۔ اونٹ ایک حیرت انگیز مخلوق ہے اور اسے اللہ تعالی نے دیگر جانداروں پر خصوصی فوقیت دے کر نوازا ہے۔
اونٹوں میں رات کی تاریکی میں اور صحرا کی گہرائیوں میں راستہ جاننے کی حیرت انگیز صلاحیتیں ہوتی ہیں۔ اونٹ گم ہونے، تھکنے اور بور ہونے کے بغیر ہی اپنی منزل تک پہنچ جانے کا ہنر خوب جانتے ہیں جبکہ اپنے مالک کی خاص پہچان رکھتے ہیں۔