خاتون کھلاڑی کا بوسہ لینے پر تنازع: سپین کے فٹ بال فیڈریشن کے صدر کی معذرت ’ناکافی‘ قرار

image

سپین میں فٹ بال فیڈریشن کے صدر نے فیفا ویمنز ورلڈ کپ کی ٹرافی جیتنے والی ٹیم کی کھلاڑی کا بوسہ لینے پر معذرت کی ہے، جبکہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ  یہ معافی کافی نہیں ہے۔

فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ہسپانوی فٹ بال فیڈریشن کے صدر لوئس روبیلز نے فیفا ویمنز ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کی سٹار کھلاڑی جینی ہرموسو کے ہونٹوں پر بوسہ لیا تھا جس کے بعد ان پر تنقید کی گئی تھی۔

انہوں نے کھلاڑی کا بوسہ اس وقت لیا جب وہ سڈنی میں میچ جیتنے کے بعد سٹیج پر میڈل لینے آئیں۔

سپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچز نے منگل کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ’ہم نے جو دیکھا وہ ایک ناقابل قبول حرکت تھی اور انہوں نے جو معذرت کی وہ اس فعل کے لیے ناکافی ہے۔‘

پیر کو فٹ بال فیڈریشن کے صدر لوئس روبیلز نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ ’یقینی طور پر میں نے غلطی کی اور مجھے یہ تسلیم کرنا چاہیے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’میں اس وقت جوش میں تھا اور میری نیت بری نہیں تھی۔ ہم نے اسےمعمولی سمجھا لیکن اس پر ہنگامہ کھڑا ہو گیا۔ میرے پاس اس سے سیکھنے اور معذرت کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، جب آپ فیڈریشن کی نمائندگی کر رہے ہوتے ہیں تو محتاط ہونا چاہیے۔‘

 دوسری جانب فٹ بال فیڈریشن نے خاتون کھلاڑی جینی ہرموسو کے حوالے سے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’یہ ورلڈ کپ جیتنے کی خوشی کے جوش میں غیر ارادی طور پر ہوا۔‘

’میرے اور صدر کے درمیان بہت اچھا رشتہ ہے۔ وہ ہم سب کے ساتھ بہت اچھا رویہ رکھتے ہیں ہے اور جو ہوا وہ محبت اور شکرگزاری میں کیا گیا قدرتی فعل تھا۔‘

سپین نے اتوار کو سڈنی میں انگلینڈ کے خلاف فیفا ویمنز ورلڈ کپ کا فائنل ایک صفر سے جیتا تھا۔


News Source   News Source Text

کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts