دوسرا ون ڈے: رحمان اللہ گُرباز کے 151 رنز، افغانستان کا پاکستان کو 301 رنز کا ہدف

image

پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو جیتنے کے لیے 301 رن کا ہدف دے دیا ہے۔

جمعرات کے روز سری لنکا کے شہر ہمبنتوتا میں کھیلے جا رہے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ درست ثابت ہوا۔

افغان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 300 رن بنائے۔

افغانستان کی جانب سے رحمان اللہ گُرباز نے 14 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 151 گیندوں پر 151 رن کی اننگز کھیلی۔

اُن کے علاوہ ابراہیم زدران نے 80 اور محمد نبی نے 29 سکور بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے دو جبکہ اُسامہ میر اور نسیم شاہ  نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 اگر افغانستان کی اننگز کی بات کی جائے تو افغان اوپنرز رحمان اللہ گُرباز اور ابراہیم زدران نے پہلی وکٹ کے لیے 227 رن کی شاندار شراکت قائم کی۔

پاکستان کو پہلی کامیابی 39.5 اوورز میں 227 کے سکور پر ابراہیم زدران کی وکٹ کی صورت میں ملی جب وہ اُسامہ میر کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اُن کے بعد رحمان اللہ گرباز 256 کے ٹیم سکور پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کھڑے محمد رضوان کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔

افغانستان کی تیسری وکٹ راشد خان کی صورت میں گری جب وہ دو کے انفرادی سکور پر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

افغانستان کی چوتھی وکٹ رَن آؤٹ کی نذر ہوئی جب شاہد اللہ ایک رن بنا کر شاہین آفریدی کی تھرو پر رَن آؤٹ ہوگئے۔

افغان ٹیم کی پانچویں وکٹ 294 رن پر گری جب نسیم شاہ کی گیند پر محمد نبی 29 کے سکور پر آؤٹ ہو گئے۔

خیال رہے تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں پاکستان کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔ 


News Source   News Source Text

کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts