پاکستان میں اندرون ملک سفر کیلئے اکثر شہری ٹرین کا انتخاب کرتے ہیں کیونکہ جہاز اور بس کے مقابلے میں کرایہ بھی کم ہوتا ہے اور ٹرین میں سفر سے مختلف شہروں کے نظارے بھی دیکھنے کو ملتے ہیں۔
پاکستان میں ٹرینیں اکثر لیٹ ہوتی ہیں اور معمول کا سفر بھی ہمیشہ کچھ گھنٹے تاخیر سے ہی مکمل ہوتا ہے جس کی وجہ سے مسافر کئی بار ریلوے کی کارکردگی پر ناراض بھی نظر آتے ہیں۔
آج ہم آپ کو جس ٹرین کے بارے میں بتانے جارہے ہیں وہ ٹرین ایک دو گھنٹہ لیٹ نہیں بلکہ پورے 6 دن میں مسافروں کو منزل تک پہنچاتی ہے۔
ٹرانس سائبیرین ریلوے کا نیٹ ورک ماسکو سے روس کے مشرق بعید کے درمیان پھیلا ہے، یہ ٹرین ماسکو سے Vladivostok تک سفر کرتی ہے ۔
6 دن کے دوران منزل تک پہنچنے کیلئے یہ ٹرین مجموعی طور پر 5772 میل کا فاصلہ طے کرنے کیلئے یورپ اور ایشیا کے مختلف حصوں سے بھی گزرتی ہے۔
ویسے تو کچھ ٹرینیں اس سے بھی زیادہ فاصلے تک سفر کرتی ہیں مگر وہ مختلف ریلوے لائنز سے گزرتی ہیں، 1916 سے کام کرنے والی اس ٹرین کو اپنا سفر مکمل کرنے میں 144 گھنٹے یا 6 دن لگتے ہیں۔