طوطا پرندوں کی ایک خوبصورت قسم کا نام ہے، اِس کی اب تک تقریباً 4 سو کے قریب اقسام دریافت ہوچکی ہیں، یہ بے شمار رنگوں اور مختلف جسامت میں پائے جاتے ہیں، یہ درختوں میں بل بنا کر اُس میں رہتےہیں، مختلف اقسام کے طوطے انسانوں کی زبان میں بولے جانے والے مختلف جملے یاد کر کے انہیں بول سکتے ہیں۔
فرانس میں ایسا ہی ایک طوطا 3 سال بعد واپس اپنے مالک سے مل گیا، فرانس میں ایک مغربی افریقا کی نسل کا طوطا تین سال قبل چوری ہوگیا تھا جس کو پچھلے ہفتے ایک دکاندار نے فروخت کرنے کی کوشش کی۔
اس نسل کے طوطوں کو فروخت کرنا غیر قانونی ہے، پولیس نے اطلاع ملنے پر پرندے کا معائنہ کیا تو طوطے نے ’جاکو، جاکو، جاکو‘ کہنا شروع کردیا۔فرانس میں روایتی طور پر طوطے کو ’جاکو‘ کہتے ہیں جیسے انگلینڈ میں ’پولی‘۔
طوطے کا معائنہ کرنے والے ایک پولیس اہلکار کو یاد آیا کہ اس کے ایک ساتھی افسر کا طوطا 2020 میں لاپتہ ہوگیا تھا۔اس افسر نے سب کو بتایا ہوا تھا کہ اگر میرا طوطا کسی کو بھی ملا تو وہ اپنا نام بتائے گا۔
پولیس کے سامنے اپنا نام بتانے پر طوطے کے مالک سے رابطہ کیا گیا جس پر طوطے نے فوری اپنے مالک کو پہچان لیا اور پولیس نے طوطے کو اصل مالک کے حوالے کردیا۔