مردو زن کو خدا نے ازل سے ایک دوسرے کیلئے تخلیق کیا ہے اور دونوں ملکر ایک خاندان بناتے اور اپنی نسل کو پروان چڑھاتے ہیں، کچھ لوگ تو عورت کیلئے بڑے بڑے پہاڑ سر کرنے سے بھی نہیں گھبراتے لیکن افریقہ میں ایک ایسا انسان بھی ہے جس نے خواتین کے خوف سے 55 سال بالکل تنہا گزار دیئے ہیں۔
افریقی ملک روانڈامیں 71 سالہ افریقی شخص خواتین کے خوف سے 55 سال سے 15 فٹ کی باڑ میں گھرے ایک گھر میں رہ رہا ہے۔کیلیٹسے زامویتا صرف 16 سال کے تھے جب انہوں نے فیصلہ کیا کہ خواتین کی قربت سے ان کا خوف بہت زیادہ ناقابلِ برداشت ہے۔
افریقی شخص خواتین کے ارد گرد رہنے کو برداشت نہیں کر سکتے تھے جس کی وجہ سے انہوں نے اپنے معمولی گھر کے ارد گرد لکڑی کی باڑ بنائی اور اس کے بعد سے جائیداد سے باہر قدم نہیں رکھا۔
زامویتا کی کمیونٹی کی خواتین نے اس عرصے کے دوران ہمیشہ ان کی دیکھ بھال کی، کھانے اور کپڑے جیسی ہر طرح کی چیزیں ان کے صحن میں پھینک دیتے تھے۔ اگرچہ زامویتا نے ان کے لیے کبھی دروازہ نہیں کھولا لیکن وہ ان چیزوں کو استعمال کرتے رہے۔