بھارت میں ایک خاتون نے مدد نہ کرنے پر پولیس اسٹیشن کو تالا لگادیا، تصویر نے سوشل میڈیا صارفین کو حیران کردیا، صارفین نے دلچسپ تبصرے شروع کردیئے۔
بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے ضلع وشاکھا پٹنم کی رہائشی خاتون گوتمی نے حال ہی میں 15 لاکھ روپے میں ایک فلیٹ خریداتھا، خاتون نے 5 لاکھ روپے ایڈوانس اور کچھ اقساط بھی ادا کیں۔
گوتمی کے مطابق بعد میں مالک مکان نے یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ گوتمی نے کوئی رقم نہیں دی، گھر سے سامان اٹھا کر بیچ سڑک پر پھینک دیا۔
خاتون نے انصاف کیلئے پندورتی پولیس اسٹیشن سے رجوع کیا اور مالک مکان کے خلاف شکایت درج کروائی۔ کئی دن گزرنے اور گوتمی کے بار بار چکر لگانے کے باوجود جب معاملے میں پولیس کی جانب سے کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی گئی تو خاتون گھر سے تالا لے کر تھانے کے مرکزی دروازے پر لگا دیا۔
خاتون کی جانب سے تالا لگانے کی تصویر سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر گردش کر رہی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے خاتون کے اس اقدام پر دلچسپ تبصروں کی بھرمار کردی ہے۔