پانچ ہزار کا نوٹ پاکستان میں سب سے بڑا کرنسی نوٹ ہے جس کو کھلا کروانے کیلئے اکثر بہت مشکل پیش آتی ہے تاہم اگر زیادہ رقم جیب میں لے جانی ہو تو 5 ہزار کا نوٹ سب سے بہتر ہوتا ہے لیکن اب سینیٹ میں 5 ہزار روپے والے نوٹ ختم کرنے کی تحریک پیش کر دی گئی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر محسن عزیز کی جانب سے پیش کی گئی تحریک میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارت نے بھی بڑے نوٹ ختم کر دیے اور اب وہ معاشی طور پر ترقی کر رہا ہے،5ہزار روپے کا نوٹ مہنگائی کا باعث بن رہا ہے فوری ختم کیا جائے۔
اس حوالے سے نگراں وزیراطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ 5 ہزار روپے کا نوٹ 27 مئی 2006 کو جاری ہوا، 4 ہزار 500 ارب روپے کے نوٹ ملک میں موجود ہیں۔
مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ محسن عزیز نے پی ٹی آئی کے دور حکومت میں اسٹیٹ بینک کوکچھ نہیں کہا، ایوان سے پوچھتا ہوں اگلی حکومت اس پر کام کرے گی یا نگراں حکومت دیکھے۔
پی ٹی آئی سینیٹر محسن عزیز کے مطابق ملک میں غیردستاویزی معیشت 35 سے 40 فیصد ہے جبکہ ساڑھے3 ٹریلین میں سےپونےدوٹریلین کے نوٹ بھی سرکولیشن میں نہیں، حکومت 5 ہزار روپے کا نوٹ ڈی مونٹائز کرے۔