امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک نے پاکستان، مصر اور یورپی ممالک میں توانائی، قدرتی وسائل اور سپلائی چینز کو مضبوط بنانے کے لیے 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
برطانوی اخبار کے مطابق یہ سرمایہ کاری اہم معدنیات، جوہری توانائی اور ایل این جی سپلائی چینز کے تحفظ کے تحت کی جارہی ہے۔ بینک کے چیئرمین جان یووانووِچ نے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ سرمایہ کاری کے ابتدائی مرحلے میں پاکستان، مصر اور یورپ کے بڑے منصوبے شامل ہوں گے۔
ان کے مطابق پاکستان کے ریکوڈک منصوبے کے لیے 1 ارب 25 کروڑ ڈالر کا قرض فراہم کیا جائے گا۔ مصر کو 4 ارب ڈالر مالیت کی قدرتی گیس کیلیے کریڈٹ انشورنس گارنٹی دی جائے گی۔
چیئرمین نے مزید کہا کہ مغربی ممالک توانائی اور اہم معدنیات کی فراہمی میں محدود ذرائع پر ضرورت سے زیادہ انحصار کر رہے ہیں، اس لیے سپلائی چینز کا محفوظ، مربوط اور مستحکم ہونا ناگزیر ہے۔
امریکی بینک کی جانب سے اس تاریخی سرمایہ کاری کو خطے میں توانائی کے استحکام اور اسٹریٹجک وسائل کے تحفظ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔