کرپشن پاکستان کی معاشی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار، رپورٹ جاری

image

پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس سے قبل اپنی ایک بڑی شرط پوری کر دی ہے۔ وزارت خزانہ نے گورننس اینڈ کرپشن ڈائیگناسٹک اسیسمنٹ تکنیکی رپورٹ جاری کر دی جس میں ملک میں کرپشن اور گورننس کے مسائل کی تفصیلی نشاندہی کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق کرپشن پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور ٹیکس نظام، سرکاری اخراجات، احتساب اور عدالتی نظام میں سنگین مسائل موجود ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طاقتور یا سرکاری اداروں سے جڑے گروہ کرپشن کی سب سے خطرناک شکل ہیں اور یہ دیرینہ مسئلہ ملکی ترقی کو شدید نقصان پہنچا رہا ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق حکومتی فیصلہ سازی میں شفافیت کی کمی، اینٹی کرپشن اداروں کی کمزور کارکردگی اور احتساب کے غیر مستقل و غیر منصفانہ نظام کی وجہ سے اداروں پر عوامی اعتماد کم ہو رہا ہے۔ رپورٹ میں نیب سمیت تمام اینٹی کرپشن اداروں کو بااختیار اور جدید بنانے پر زور دیا گیا ہے اور سفارش کی گئی ہے کہ عمل درآمد سے ملکی جی ڈی پی میں 5 سے ساڑھے 6 فیصد تک اضافہ ممکن ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سرکاری اداروں، مارکیٹ ریگولیشن اور بینکنگ سیکٹر میں خامیاں ہیں، پیچیدہ قوانین سرمایہ کاری کو روکے ہوئے ہیں اور عوام و کاروبار کے لیے معلومات تک رسائی محدود ہے۔ اس کے علاوہ، نجی شعبے کو حکومتی پابندیوں کے باعث اپنی مکمل صلاحیت استعمال کرنے کا موقع نہیں مل رہا۔

وزارت خزانہ نے بہتر گورننس کے لیے شفاف قوانین، اوپن ڈیٹا نظام، عوام اور کاروباری طبقے کی پالیسی سازی میں شمولیت، کاروباری ریگولیشن کی ڈیجیٹلائزیشن اور غیر ملکی تجارت میں بنیادی اصلاحات کی سفارش کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان اصلاحات سے سرمایہ کاری بڑھے گی اور کرپشن میں نمایاں کمی آئے گی۔

واضح رہے کہ یہ رپورٹ آئی ایم ایف کے 7 ارب ڈالر قرض پروگرام کا حصہ ہے جس میں آئی ایم ایف اور عالمی بینک نے حکومت کی درخواست پر 8 ماہ تک کرپشن اور گورننس کا جائزہ لیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ اگرچہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے اہداف حاصل کیے ہیں مگر منی لانڈرنگ، سرکاری اخراجات اور ٹیکس نظام میں ابھی بھی کئی کمزوریاں موجود ہیں جن پر فوری عمل درآمد ضروری ہے۔

رپورٹ کے مطابق کئی سرکاری اداروں میں کام عارضی اور ایڈہاک بنیادوں پر کیے جاتے ہیں اور کئی افسران متعلقہ شعبے میں مکمل مہارت نہیں رکھتے جس کی وجہ سے کرپشن کے خاتمے اور بہتر گورننس میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US