ملائیشیا انڈین اور چینی شہریوں کو ویزا فری انٹری کی سہولت کیوں دے رہا ہے؟

image

ملائیشیا انڈین اور چینی شہریوں کو یکم دسمبر سے اپنے ملک میں ویزے کے بغیر داخلے کی سہولت دے گا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ملائیشیا کے وزیراعظم انوار ابراہیم نے یہ اعلان اتوار کو پیپلز جسٹس پارٹی کی کانگریس سے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’ملائیشیا میں 30 دن تک قیام کرنے کے خواہشمند انڈین اور چینی شہریوں کو ویزہ فری انٹری کی سہولت دی جائے گی۔‘

دوسری جانب پیر کو ملائیشیا کی وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’ویزے سے استثنیٰ کی سہولیات 31 دسمبر 2024 تک دستیاب رہیں گی۔‘

چین اور انڈیا بالترتیب ایسے چوتھے اور پانچویں نمبر کے ممالک ہیں جہاں سے سب سے زیادہ سیاح ملائیشیا جاتے ہیں۔

سرکاری اعدادوشمار کے مطابق رواں برس جنوری سے جون کے درمیان ملائیشیا میں 91 لاکھ 60 ہزار سیاح آئے جن میں سے چار لاکھ 98 ہزار 540 چین جبکہ دو لاکھ 83 ہزار 885 سیاحوں کا تعلق انڈیا سے تھا۔

کورونا وبا پھیلنے سے قبل 2019 میں چین سے 15 لاکھ جبکہ انڈیا سے تین لاکھ 54 ہزار سیاحوں نے ملائیشیا کا سفر کیا تھا۔

بعض دوسرے ایشیائی ممالک بھی اس طرح کے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

چین نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ وہ آئندہ ماہ سے ملائیشیا اور کچھ یورپی ممالک کے شہریوں کو ویزہ فری انٹری کی سہولت دے گا۔

سیاحت کے شعبے پر بڑے پیمانے پر انحصار کرنے والے ملک تھائی لینڈ نے بھی کئی دیگر ممالک سمیت انڈیا  اور چین کے شہریوں کو ویزے سے متعلق استثنیٰ دے رکھا ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.