متحدہ عرب امارات کی انٹرنیشنل لیگ (آئی ایل) ٹی20 نے افغانستان کے فاسٹ بولر نوین الحق پر معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر 20 ماہ کی پابندی عائد کردی ہے۔
’کرک انفو‘ کے مطابق شارجہ واریئرز سے منسلک افغان فاسٹ بولر نے لیگ کے دوسرے سیزن کے لیے ’ریٹینشن نوٹس پر دستخط نہ کر کے‘ معاہدے کی خلاف ورزی کی۔خیال رہے آئی ایل ٹی20 کا دوسرا سیزن اگلے سال جنوری اور فروری میں کھیلا جائے گا۔ نوین الحق پابندی کے سبب 2024 اور 2025 میں اماراتی لیگ نہیں کھیل سکیں گے۔دوسری جانب افغان فاسٹ بولر نے جنوبی افریقہ میں منعقد ہونے والی ٹی20 لیگ میں ڈربن سُپر جائنٹس سے معاہدہ کر لیا ہے۔نوین الحق پر عائد ہونے والی پابندی پر شارجہ واریئرز کا کہنا ہے کہ ’شارجہ وارئیرز نے آئی ایل ٹی20 انتظامیہ سے رابطہ کیا تھا تاکہ وہ نوین الحق کے ساتھ معاملہ حل کروائیں۔‘شارجہ واریئرز کے مطابق ’انتظامیہ نے ایک تیسرے فریق کے ذریعے مسئلہ حل کرنے کی کوشش کی لیکن یہ کوشش ناکام ہوگئی۔‘اماراتی لیگ کی ڈسپلنری کمیٹی کے سربراہ ڈیوڈ وائٹ نے اس حوالے سے کہا کہ ’بدقسمتی سے نوین الحق نے شارجہ واریئرز کے ساتھ اپنے معاہدے میں درج ذمہ داریوں کا احترام نہیں کیا اور لیگ کے پاس اُن پر 20 ماہ کی پابندی لگانے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔‘خیال رہے نوین الحق نے 2023 کے سیزن میں شارجہ واریئرز کے لیے کھیلتے ہوئے 11 وکٹیں حاصل کی تھیں تاہم اُن کی ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں 11 میں سے صرف تین میچ جیت سکی تھی۔