آسٹریلیا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل پاکستانی بولر خرم شہزاد فٹنس مسائل کا شکار

image

آسٹریلیا کے خلاف میلبورن میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ سے قبل پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر خرم شہزاد فٹنس مسائل کا شکار ہو گئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق خرم شہزاد نے پرتھ میں پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران اپنے بائیں جانب سٹرین کی شکایت کی تھی جس کے بعد انہیں ایم آر آئی سکین کے لیے بھیجا گیا ہے۔ میڈیکل پینل کی جانب سے ایم آر آئی رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد آگاہ کر دیا جائے گا۔

آسٹریلیا کے خلاف پرتھ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں خرم شہزاد نے پورے ٹیسٹ میچ میں 38 اوورز کروائے اور پانچ وکٹیں حاصل کر کے نمایاں رہے۔

خرم شہزاد کا انجر ہونا پاکستانی کرکٹ ٹیم میں انجریز کے بڑھتے ہوئے مسائل میں اضافہ کرتا دکھائی دے رہا ہے۔ اس سے قبل نسیم شاہ انجری کے باعث دورے سے باہر ہو گئے تھے، جب کہ ابرار احمد دائیں ٹانگ میں تکلیف کے باعث پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے۔ 

ہیڈ کوچ محمد حفیظ کے مطابق ابرار احمد کی جگہ نعمان علی نے لینی تھی مگر وہ بھی انگلی میں چوٹ آنے کے باعث میچ نہ کھیل پائے۔ اس صورتحال کے پیش نظر ساجد خان کو بطور کور کھلاڑی بلایا گیا مگر وہ پہلا ٹیسٹ کھیلنے کے لیے بہت دیر سے پہنچے تھے۔ توقع ہے کہ ساجد خان دوسرے ٹیسٹ میچ کا حصہ ہوں گے۔

اگر خرم شہزاد انجری کے باعث اگلا ٹیسٹ نہیں کھیل پاتے تو پاکستان ٹیم کے پاس آپشنز میں حسن علی اور محمد وسیم جونیئر موجود ہوں گے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 26 سے 30 دسمبر تک میلبورن کرکٹ گراؤنڈ  میں کھیلا جائے گا۔

پہلے ٹیسٹ میچ میں گرین شرٹس 450 رنز کے ہدف کے تعاقب میں محض 89 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے تھے۔ 


News Source   News Source Text

کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts