مظفرگڑہ 22 دسمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ میاں عثمان علی کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم سمیت معمول کی ویکسی نیشن اور بچوں کو متعدد بیماریوں سے بچاؤ کیلئے لگائے جانے والے حفاظتی ٹیکوں کی کوریج پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں سی ای او صحت ڈاکٹر ظفر عباس، ڈی ایچ او ڈاکٹر ذوالفقار حیدر سمیت محکمہ صحت کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں بتایا کہ 2023میں اب تک مظفرگڑہ سمیت پنجاب بھر میں کوئی پولیو کے کیس رجسٹرڈ نہیں ہوا ہے، 2019اور 2020 میں مظفرگڑہ میں ایک ایک پولیو کا کیس رجسٹرڈ ہوا تھ، مظفرگڑہ میں 5سال تک کی عمر کے 8لاکھ 40ہزار696بچے ہیں جن کو باقاعدگی سے پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے پلائے جاتے ہیں جس کیلئے 3ہزار693موبائل اور فکسڈ ٹیمیں تشکیل دی جاتی ہے جو گھر گھر جا کر پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے پلاتی ہیں، مہم کے دوران 8ہزار 59اہلکار فیلڈ میں کام کرتے ہیں۔گذشتہ مہم کے دوران 101فیصد ہدف حاصل کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میاں عثمان علی نے کہا کہ پولیو سے بچاؤ کی مہم قومی مہم ہے جس میں ہماری ذمہ داری ہے کہ ہر بار ہربچے کو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں اور اس موذی مرض کو ہمیشہ کے لئے ختم کردیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کیلئے ضروری ہے کہ والدین میں بھی اس کا شعور بیدار کیا جائے اور اس مہم پرقومی فریضہ سمجھ کر کام کیا جائے۔