اسلام آباد۔22دسمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ کچھ سیاسی جماعتوں کے مطالبہ پر الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں دو دن کا اضافہ کیا، الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تاریخ میں کوئی ردوبدل نہیں کیا، انتخابات 8 فروری 2024 کو ہی ہوں گے، بلوچ مظاہرین کے مطالبات دیرینہ ہیں، نگران حکومت کی پوری کوشش ہوگی کہ وہ اس معاملہ کو حل کرے۔
جمعہ کو ”ڈان نیوز“ کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچ مظاہرین میں شامل خواتین اور بچوں کو فوری رہا کرنے کا فیصلہ کیا تھا، کچھ مظاہرین کو طبی سہولت بھی فراہم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مظاہرین میں اکثر وہ لوگ شامل تھے جن کا اسلام آباد میں اپنا کوئی گھر نہیں تھا، ہم نے انہیں محفوظ طریقے سے کوئٹہ واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا لیکن مظاہرین نے واپس جانے سے انکار کر دیا،ان میں سے کچھ لوگ اپنے رشتہ داروں کے ساتھ چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد مظاہرین کو محفوظ طریقے سے ان کے گھروں کو واپس بھجوانا تھا۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ گرفتار مظاہرین کو رہا کر دیا گیا ہے جبکہ کچھ لوگ گرفتار ہیں ان کی تحقیقات جاری ہیں، اس حوالے سے بھی جلد اچھی خبر آ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مظاہرین کو ان کے دیرینہ مطالبات پر غور کرنے کا یقین دلایا ہے،نگران حکومت کی مدت محدود ہے، ہماری پوری کوشش ہوگی کہ اس معاملہ کو حل کریں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی کے حوالے سے امیدواروں کی شکایات کا نوٹس لیا ہے، امیدواروں کی جائز شکایات کا ازالہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ جن چیزوں کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا ہے، اس کا تدارک ہو۔ انہوں نے کہا کہ لاءانفورسمنٹ صوبائی معاملہ ہے، صوبائی حکومت قانون کے تحت کارروائی کرتی ہے۔ ہم الیکشن کمیشن کی مدد کرنے کے پابند ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مختلف سیاسی جماعتوں کے مطالبہ پر الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں دو دن کا اضافہ کیا، الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تاریخ میں کوئی ردوبدل نہیں کیا، انتخابات 8 فروری 2024ءکو ہی ہوں گے۔