ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد کی کارروائی ، جعلی ڈگری بنانے میں ملوث مرکزی ملزم گرفتار

image

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نےجعلی ڈگری بنانے میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔ یہ کارروائی ڈ پٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد افضل خان نیازی کی ہدایت پرکی گئی۔ ہفتہ کے روز ترجمان ایف آئی اے کے بیان کے مطابق ملزم محمد امین بیگ جعلی ڈگری بنانے میں ملوث تھا، ملزم دی اوپن انٹرنیشنل یونیورسٹی سری لنکا کے نام سے جعلی ڈگری جاری کرتا تھا۔

ملزم متعدد ایجنٹوں کے ذریعے جعلی اور غیر قانونی ادارہ چلا رہا تھا۔ ملزم کو اسلام آباد کے علاقے ایف ٹین سے گرفتار کیا گیا۔ پہلے سے گرفتار سابق سی ای او ڈریپ نے بھی مذکورہ جعلی ڈگری ملزم سے حاصل کی تھی۔ ملزم کو پہلے سے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملزم ڈپلومہ اور سرٹیفکیٹ کے اجراء کے لیے جعلی بین الاقوامی کونسل بھی چلا رہا تھا۔ گرفتار ملزم ایم ڈی کی ڈگری کے لیے 1000 امریکی ڈالر اور پی ایچ ڈی کی ڈگری کے لیے 1500 ڈالر وصول کرتا تھا۔

ترجمان نے کہا کہ چھاپے کے دوران بڑی تعداد میں پرنٹڈ ڈگری سرٹیفکیٹس، ایمبوز مہریں، جعلی یونیورسٹی سےمتعلق مہریں اور داخلہ فارم برآمد کر لئے گئے۔ پہلے سے گرفتار ملزم شیخ اختر حسین نے جعلی ڈگری کی بنیاد پر ڈریپ میں بطور سی ای او کی تعیناتی حاصل کی تھی۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق معاملے کی تحقیقات کے لیے انٹرپول کے ذریعے سری لنکن حکام سے بھی رابطہ کر لیا گیا ہے۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.