اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):ترجمان خزانہ ڈویژن نے وفاقی حکومت کے ملازمین کو تنخواہوں اور ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز کے اجرا میں تاخیر کے حوالے سے نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والی خبر کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے واضح کیاہے کہ فنانس ڈویژن نے موجودہ تنخواہوں، پنشن ودیگر اخراجات ( نان ای آر ای) اور ترقیاتی اخراجات دونوں کے لئے دوسری سہ ماہی کے فنڈز پہلے ہی جاری کر دیئے ہیں۔
ہفتہ کو ایک وضاحتی بیان میں ترجمان نے کہا کہ وفاقی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز کے اجراء میں تاخیر کے حوالے سے نجی چینل کی خبر سراسر بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے۔مناسب ہوتا کہ نجی چینل ایسی خبر نشر کرنے سے پہلے خزانہ ڈویژن کے ترجمان سے رابطہ کر لیتا، لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں کیا گیا۔پاکستان عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف )کے پروگرام کے تمام وعدوں کو پورا کرنے کے راستے پر گامزن ہے،جو پہلے جائزے کے اسٹاف لیول ایگریمنٹ (ایس ایل اے) کی ہموار اور کامیاب تکمیل سے ظاہر ہوتا ہے۔ترجمان خزانہ ڈویژن نےفنڈز کی دستیابی سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کرتےہوئے کہا کہ خزانہ ڈویژن نے موجودہ تنخواہ،پنشن و دیگر اخراجات (نان ای آر ای ) اور غیر ترقیاتی اخراجات دونوں کے لیے دوسری سہ ماہی کے فنڈز پہلے ہی جاری کردیئے ہیں۔ترجمان نے کہاکہ مزید یہ کہ منصوبہ بندی،ترقیات و خصوصی اقدامات ڈویژن نے اس کے مطابق وزارتوں کو ترقیاتی اخراجات کے لیے فنڈز کا اختیار دیا ہے۔وزارت خزانہ یا پلاننگ ڈویژن کی جانب سے ریلیز کی حکمت عملی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی،نجی چینل نے اس کو غلط رپورٹ کیا ہے۔ترجمان نے کہاکہ خزانہ ڈویژن نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے دوسرے کوارٹر کے تمام فنڈز جاری کر دیئے ہیں اور مستفید ہونے والوں کو منتقلی پہلے سے ہی اچھی طرح سے جاری ہے۔اسی طرح بجلی کے شعبے کو سبسڈی دینے کے لیے تمام فنڈز سی ڈی ایم پی کی ضروریات کے مطابق خزانہ ڈویژن کے ذریعے فراہم کیے گئے ہیں۔ترجمان نے کہاکہ اس کے ساتھ ساتھ روایت کے مطابق کرسمس سے قبل مسیحی برادری کو تنخواہوں کے اجرا کو فنانس ڈویژن نے یقینی بنایا ہے۔ایف بی آر اور این ٹی آر کی طرف سے ریونیو کی وصولی اور دیگر وزارتوں کی طرف سے کی گئی وصولی مکمل طور پر ٹریک پر ہے۔یہ حقائق واضح طور پر ثابت کرتے ہیں کہ مذکورہ خبر بغیر کسی ثبوت کے اور حکومت کا نقطہ نظر لیے بغیر نشر کی گئی۔