ٹوکیو۔24دسمبر (اے پی پی):جاپان کی کابینہ نے مالی سال 2024 کے لیے بجٹ مسودے کی منظوری دے دی ہے جس کی مجموعی مالیت تقریباً ایک ہزار 120 کھرب ین، یا تقریباً 7 کھرب 89 ارب ڈالر ہے۔
جاپانیخطررساں ادارے این ایچ کے کے مطابق وزیراعظم فومیو کیشیداکی کابینہ نے گزشتہ روز اس بل کی منظوری دی۔وزیراعظم کیشیدا نے کہا کہ بجٹ فوری مسائل کو حل کرے گا اور معیشت کو سہارا دے گا۔انہوں نے کہا کہ جاپان میں معمر افراد کی تعداد میں اضافے اور شرح پیدائش میں کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے مجموعی بجٹ کا 30 فیصد سے زیادہ سماجی تحفظ کے اخراجات کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ گزشتہ مالی سال کے بجٹ کے مقابلے میں یہ رقم 6 ارب ڈالر زیادہ ہے۔مجوزہ اقدامات میں اگلے سال دسمبر سے جاپان میں بچوں کے اعانتی پروگرام کو وسعت دینا شامل ہے جس میں خاندانوں کی آمدنی کی حد سے قطع نظر 18 سال تک کے تمام بچوں کو شامل کیا جائے گا۔فی الحال جونیئر ہائی سکول کے اختتام تک کے بچوں کے لیے الاؤنس ادا کیا جاتا ہے۔یونیورسٹی کی داخلہ اور ٹیوشن فیس کے لیے اعانت کے پروگرام میں تین یا اس سے زیادہ بچوں والے گھرانے بھی آمدنی کی حد سے قطع نظر اس پروگرام سے استفادہ کر سکیں گے۔بجٹ میں تخمینہ شدہ مجموعی ٹیکس آمدنی لگ بھگ مالی سال 2023 کے برابر ہے۔ بجٹ میں تقریباً 2 کھرب 46 ارب ڈالر کا خسارہ ہو گا جسے پورا کرنے کے لیے حکومتی بانڈز جاری کیے جانے کا منصوبہ ہے۔