راولپنڈی۔24دسمبر (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف) کورئیر کمپنیوں اور ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے مابین اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں کمپنیوں کو حکومتی قوانین اور قواعد کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔
ترجمان اے این ایف نے بتایاکہ اجلاس ریجنل ڈائریکٹوریٹ اے این ایف خیبرپختونخوا میں منعقد کیا گیا۔اجلاس کی صدارت ریجنل ڈائریکٹوریٹ کمانڈر اے این ایف خیبرپختونخوا نے کی۔کمپنیز کی جانب سے حکومتی قواعد کی مکمل پاسداری کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ریجنل ڈائریکٹوریٹ کمانڈر اے این ایف خیبرپختونخوا نے کہاکہ کمپنیاں اپنے آر اینڈ ڈی کے حوالے سے جانچ پڑتال کے عمل کو مؤثر بنائیں۔کمپنیاں سکیننگ اور شیپر کا تفصیلی ریکارڈ رکھنے کیلئے میکنزم تیار کریں۔کمپنیوں کے اس عمل کے ذریعے منشیات کی سمگلنگ کو روکنے میں مدد ملے گی۔کمپنیاں مقدمات کی تفتیش اور بیک ٹریکنگ میں تعاون کریں۔اس موقع پر شرکا نے اے این ایف کے ساتھ ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔