لاہور کے علاقے گلشنِ اقبال پارک سے سامنے آنے والی ایک ویڈیو نے سب کو ہلا کر رکھ دیا ہے جہاں چند بچے علامہ اقبال کے مجسمے کی بے حرمتی کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ویڈیو نے عوام میں شدید حیرت اور غصہ پیدا کر دیا ہے۔
علامہ اقبال نے پاکستان کے قیام کا تصور پیش کیا اور تعلیم، ثقافت اور ادب میں اہم کردار ادا کیا۔ اسکولوں میں بچوں کو ابتدائی عمر سے ان کی زندگی اور خدمات کے بارے میں تعلیم دی جاتی ہے لیکن اس ویڈیو نے سوال کھڑا کر دیا ہے کہ نئی نسل کی تربیت میں کمی ہو رہی ہے۔
ویڈیو میں بچوں کی حرکت کی تصویر کشی کرنے والا شخص انہیں تعلیم دینے کی بجائے ریکارڈ کر رہا تھا جس پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید ردعمل دیا ہے۔
صارفین نے والدین کو قصوروار قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں بہتر تربیت دینی چاہیے تھی۔ ایک صارف نے لکھا ان کے والدین کو حکومت جیل میں ڈالے۔
ایک اور صارف نے کہا کہ یہ ہمارے نئے دور کی تربیت ہے جو سوشل میڈیا سے بچوں کو مل رہی ہے۔
ویڈیو کی وائرل ہونے کے بعد عوامی حلقوں نے بچوں کی تربیت اور اخلاقی تعلیم پر زور دینے کی اپیل کی ہے۔