اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کرسمس کے پر مسرت موقع پر دنیا بھر خصوصاً پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے بھائیوں اور بہنوں کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان ملک میں بسنے والی تمام اقلیتی برادریوں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر شہری کو بلاامتیاز رنگ و نسل اپنے مذہبی عقائد و تعلیمات کے مطابق زندگی بسر کرنے اور مذہبی تہوار منانے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔ سپیکر نے کہا کہ اللہ تعالی نے حضرت عیسٰی علیہ السلام کو امن، محبت، بھائی چارے اور برداشت کی تبلیغ کے لیے مبعوث فرمایا۔انہوں نے کہا کہ مسلمان حضرت عیسٰی علیہ السلام کو اللہ تعالیٰ کا برگزیدہ اور سچا پیغمبر مانتے ہیں اور ان کا یوم ولادت مسلمانوں کے لیے بھی اتنا ہی باعث مسرت ہے جتنا مسیحی برادری کیلئے ہے۔سپیکر نے پارلیمان میں مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے ممبران کے کردار کو سراہتے ہوے کہا کہ مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے ممبران نے ہمیشہ ایوان کی کاروائی میں بھر پور حصہ لیا ہے اور قانون سازی کے عمل میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔سپیکر نے ملک کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کی خدمات کو سراہتے ہوے کہا کہ مسیحی برادری تمام شعبہ ہائے زندگی خصوصاً تعلیم اور طب کے شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دے رہی ہے۔انہوں نے دنیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے بین المذاہب رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوے کہا کہ حضرت عیسی علیہ سلام کے امن، محبت اور بھائی چارے کی تعلیمات کو عام کر کے دنیا کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔