اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے پاکستان ٹیلی ویژن میں کرسمس کی تقریب میں شرکت کی اور کرسمس کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر وفاقی سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد، ایم ڈی پی ٹی وی مبشر توقیر شاہ سمیت پی ٹی وی کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے مسیحی برادری بالخصوص پی ٹی وی کے مسیحی ملازمین کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ خوشی کے اس لمحے میں ہم سب آپ کے ساتھ شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کی جانب سے کرسمس سے قبل پی ٹی وی کے مسیحی ملازمین کو ایڈوانس تنخواہ اور کرسمس الائو نس کی ادائیگی خوش آئند ہے۔اس موقع پر وفاقی سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد نے اور منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی وی سید مبشر توقیر شاہ نے پی ٹی وی کے مسیحی ملازمین کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی وی میں کرسمس کی تقریب کا انعقاد پی ٹی وی کی ہمیشہ روایت رہی ہے۔ پی ٹی وی کے مسیحی برادری کے ملازمین نے نگران وفاقی وزیر اطلاعات کا تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔