اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ بابائے قوم کے دیئے گئے بنیادی اصولوں میں ہی ترقی کے راز پوشیدہ ہیں، قائداعظم ہمیشہ قانون کی حکمرانی اور پرامن سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتے تھے، ان کی تعلیمات پر عمل کر کے ہی ملک ترقی کر سکتا ہے، ہماری مشکلات کا حل بھی جمہوریت، مذاکرات اور قانون کی حکمرانی میں ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز کے زیر اہتمام فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے مختلف سکولوں کے بچوں کے مابین یوم قائد پر منعقدہ تقریری مقابلہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وفاقی سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد بھی موجود تھیں۔ مرتضیٰ سولنگی نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے حوالے سے سکولوں کے بچوں کی تقاریر کو سراہتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی وجہ سے یہ ملک بنا، آج ہم انہی کی وجہ سے یہاں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ کے آئینہ میں دیکھیں تو قائداعظم کی بہت سی تعلیمات پر ہم نے عمل نہیں کیا لیکن آج بھی ہمیں یقین ہے کہ قائداعظم کے بنیادی اصولوں پر عمل کر کے ہی ہم مشکلات پر قابو پا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے ہمیشہ قانون کی حکمرانی پر یقین رکھا، قانون پر عمل کرتے ہوئے پرامن طریقے سے اختلاف کرنا محمد علی جناح کی سیاست کا بنیادی اصول تھا۔انہوں نے کہا کہ آج کی سیاست میں بہت سارے لوگوں کو ایک دوسرے سے اختلافات ہیں لیکن قوانین پر عمل درآمد کے ذریعے بہتری کا امکان موجود ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 11 اگست 1947ءکی دستور ساز اسمبلی کی تقریر ہمارے لئے مشعل راہ ہے، قائداعظم ہمیشہ پرامن سیاسی جدوجہد اور جمہوریت پر یقین رکھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج پیچیدہ اور مشکل مسائل کا حل صرف پرامن سیاسی جدوجہد سے ہی ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 76 سالہ تاریخ سے ہم نے یہی سیکھا ہے کہ یہ ملک ایک مضبوط وفاقی جمہوریت سے ہی آگے چل سکتا ہے ہمارا آئین وفاقی جمہوریت پر مبنی ہے اور اسی میں مشکلات کا حل موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین کی تمہید میں لکھا ہے کہ یہ ملک اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے۔ موجودہ نگران حکومت بھی آئین کے آرٹیکل 224 کی پیداوار ہے، جمعرات 8 فروری 2024 کو جب انتخابات ہوں گے تو یہ ملک اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مشکلات کا حل جمہوریت، مذاکرات، قانون کی حکمرانی میں ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد نے تقریری مقابلے کے شرکاءکو مبارکباد پیش کی۔ تقریری مقابلے میں فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے مختلف سکولوں سے 10 طلبہ و طالبات نے حصہ لیا جنہوں نے قائداعظم کے 147 ویں یوم ولادت پر قائد کے افکارِ اور نظریات پر روشنی ڈالی۔ تقریری مقابلے کا عنوان ”دور حاضر کے مسائل اور قائد کا پیغام“ تھا۔تقریب میں بہترین تقریر پر پہلی پوزیشن اسلام آباد ماڈل کالج جی نائن فور کی نویں جماعت کی طالبہ ایمن فرحان، دوسری پوزیشن اسلام آباد درکالہ کے ماڈل سکول کی نویں جماعت کی سندس فاروق جبکہ تیسری پوزیشن اسلام آباد ماڈل سکول ہمک کی دسویں جماعت کی طالبہ فیروزہ بی بی نے حاصل کی۔ تقریب میں ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز کی جانب سے قائداعظم کی سیاسی جدوجہد کے حوالے سے ایک دستاویزی فلم اور ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے بنایا گیا ملی نغمہ بھی پیش کیا گیا۔ تقریب میں قائداعظم محمد علی جناحؒ کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔