وزیرِ اعلی سندھ کی صوبائی وزیراطلاعات کے ہمراہ سینٹ پیٹرکس چرچ اور ہولی ٹرینیٹی کیتھڈرل آمد، مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد

image

کراچی۔ 25 دسمبر (اے پی پی):نگران وزیرِ اعلی سندھ جسٹس (ریٹائرڈ) مقبول باقر نے بانی پاکستان کی سالگرہ کے موقع پر مزارِ قائد پر فاتحہ خوانی کے بعد نگران صوبائی وزیرِ اطلاعات ، اقلیتی امور و سماجی تحفظ محمد احمد شاہ کے ہمراہ سینٹ پیٹرکس چرچ پہنچے اور مسیحی برادری کے عمائدین اور موقع پر موجود شہریوں کو کرسمس کی مبارکباد دی اور کرسمس کا کیک بھی کاٹا۔

سینٹ پیٹرکس چرچ سے نگران وزیرِ اعلی سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر ، نگران وزیرِ اطلاعات محمد احمد شاہ کے ہمراہ ہولی ٹرینیٹی کیتھڈرل پہنچے اور وہاں موجود مسیحی برادری کے عمائدین اور افراد کو بھی کرسمس کی مبارکباد پیش کی اور کرسمس کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر مسیحی برادری کے عمائدین کی بڑی تعداد نے وزیر اعلی سندھ اور وزیرِ اطلاعات محمد احمد شاہ کا خیر مقدم کیا ۔

وزیر اعلی سندھ جسٹس (ریٹائرڈ) مقبول باقر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دو بڑی خوشیاں یعنی بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کی سالگرہ اور کرسمس ایک ساتھ منائی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ قائدِ اعظم کے پاکستان کو قائدِ اعظم کے فرمودات کے مطابق تنوع اور یہاں بسنے والے تمام لوگوں کے لئے امن، محبت ،ترقی ،خوشحالی اور ترقی کے یکساں مواقع کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔

اس موقع پر نگران وزیرِ اطلاعات ، اقلیتی امور و سماجی تحفظ محمد احمد شاہ نے کہا کہ سندھ کے عظیم صوفیائے کرام کی تعلیمات کے مطابق نگران سندھ حکومت صوبے کے عوام کی بلاتفریق خدمت پر یقین رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی بھائیوں کی خوشیوں میں شرکت کیلئے وزیرِ اعلی سندھ جسٹس (ریٹائرڈ) مقبول باقر کی شرکت دراصل ان خوشیوں میں سندھ حکومت کی شمولیت کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے صوبے اور ملک کو قائدِ اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے دیئے گئے اصولوں کے مطابق پرامن اور ترقی کرتا ہوا خوشحال ملک بنائیں گے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.