نگراں وزیراعلی سندھ نے قائد اعظم محمد علی جناح کی یوم پیدائش کے موقع پر میرپورخاص شہر کو باقاعدہ بجلی لوڈ شیڈنگ فری زون بنادیا

image

کراچی۔ 25 دسمبر (اے پی پی):نگراں وزیراعلی سندھ جسٹس (ر)مقبول باقر نے کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی یوم پیدائش کے موقع پر میرپورخاص شہر کو آج سےبجلی لوڈ شیڈنگ فری زون کردیا گیا ہے ،یہ ہمارے لئے خوشی کی بات ہے۔ پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے میر پورخاص کو باقائدہ لوڈ شیڈنگ فری زون بنانے کے لیے افتتاحی تقریب سے بذیعہ وڈیو لنک کراچی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تقریب ایس ای حیسکو افس میرپورخاص میں منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر برائے انرجی و پاور محمد علی اور وفاقی سیکرٹری توانائی راشد محمود لنگڑیال نے ویڈیو لنک اسلام آباد سے شرکت کی جبکہ وفاقی ایڈیشنل سیکریٹری انرجی و پاور حسن نقوی، کمشنر میرپورخاص فیصل عقیلی، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر رشید مسعود، سی ای او حیسکو بشیر احمد گجر، ایس ایس پی عادل میمن، ایس ای حیسکو رشید احمد انصاری اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

نگراں وزیراعلی سندھ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرپورخاص کو لوڈشیڈنگ فری ڈکلیئر کرنے کے مقصد سے تقریب منعقد کی گئی ہے،جیسا کہ آپ تمام کو معلوم ہے کہ آج 25 دسمبر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا یومِ پیدائش ہے، اس اہم دن پر حکومت وقت کی جانب سے اہلیان ِ میرپورخاص کے لئے لوڈشیڈنگ فری بجلی کی سہولت کا آغاز کیا جارہا ہے، حیسکو انتظامیہ اور ان کی پوری ٹیم بالخصوص محنت کش ورکرز کو میرا سلام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرپورخاص کے تمام 16 فیڈروں پر کومبنگ کا کام کیا ہے، جس میں میٹروں کی سیکیورنگ، ٹرانسفارمروں کی سیکیورنگ، کھنبوں اور تاروں کی درستگی/ سیدھا کرنے کا کام، اور ترقیاتی کام بھی کرتے رہے، جہاں لاسز 30 فیصد تھے۔

انکو کم کر کے 17 فیصد تک لائے ہیں اور ریکوری میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ نگراں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ملک بھر میں 7 ستمبر 2023 سے بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف مہم شروع کر رکھا ہے، تاکہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی مالی حالات بہتر ہوسکے، بجلی چوری جیسی برائی کا خاتمہ کرکے لوڈشیڈنگ فری بجلی کی سہولت عوام کو دی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حیسکو کی پوری انتظامیہ کے ساتھ سندھ حکومت مکمل تعان کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنی قومی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بجلی قانونی طریقے سے استعمال کریں اور بجلی چوری کرنے اور انکے سہولت کاروں کے خلاف حکومت کی اس مہم میں بھرپور تعان کریں۔

نگراں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ لوگوں سے اپیل ہے بجلی کے بل مقررہ وقت پر ادا کریں تاکہ لوڈشیڈنگ فری سہولت ملتی رہے۔ جسٹس (ر)مقبول باقر نے کہا کہ حیسکو انتظامیہ لوڈشیڈنگ فری بجلی کی سہولت دیگر بڑ ے شہروں میں دینے پر کام کریں، حکومت عوامی خدمت کے لئے ادارے بناتی ہے اور ادارے عوام کے تعاون کے بغیر اپنی بہتر خدمات سرانجام نہیں دے سکتے، جس کی مثال آج کا دن ہے۔ نگران وزیراعلی سندھ نے کہا کہ میرپورخاص لوڈشیڈنگ فری ہونے پر لوگوں کو مبارک ہو اور مجھے امید ہے کہ حیسکو دیگر شہروں میں بھی اس طرح کام کرکے بجلی کی بہتر سروس دے گی۔

تقریب سے وفاقی سیکریٹری توانائی راشد محمود لنگڑیال نے بذیعہ وڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر میں دو شہروں میرپور خاص اور مردان کو لوڈ شیڈنگ فری زون بنانے کیلئے منتخب کیا گیا تھا، اس ضمن میں میر پور خاص میں کئی مسائل درپیش تھے تا ہم میرپور خاص کے 16 فیڈر میں لوڈ شیڈنگ فری زون بنانے میں کامیابی ملی ہے جس سے نیشنل گرڈ میں 65 ارب روپے کی بجلی بچت ہوگی۔ اس موقع پر سی ای او حیسکو بشیر احمد گجر نے کہا کہ صوبہ سندھ کا یہ پہلا شہر ہے جسے لوڈشیڈنگ فری کیا جا رہا ہے اور یہ اعزاز اہلیان میرپور خاص اور اس کی انتطامیہ کو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس منصوبے کو مکمل کرنے میں ضلعی انتطامیہ، پولیس، تاجر برادری اور صحافی برادری کے مکمل تعان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، کیونکہ میرپور خاص شہر کے 16عدد 11کے وی فیڈروں کے 42 ہزار صارفین کے میٹرز سیکیور کرنا، اضافی ٹرانسفارمرز لگانا، کومبنگ، سیکیورنگ اور پولوں و تاروں کو سیدھا کرنے جیسے مشکل کام کو حیسکو انتطامیہ کے افسران اور محنت کشوں نے دن رات محنت کرکے مکمل کیئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سے میرپورخاص شہر میں 10 ملین یونٹس کی بچت ہوگی اور پورے حیسکو ریجن میں کومبنگ کے کام سے 364 ملین یونٹس کی ایک سال میں بچت ہوگی۔ حیسکو چیف نے بتایا کہ 16 فیڈر میں نومبر اور دسمبر میں کمرشل لاسز 30 فیصد تھے جو کہ کم ہو کر 17 فیصد رہ گئے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.